شہید رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

عیدگاہ کی طرف مارچ کو روکنے کیلئے سرینگر میں سخت پابندیاں عائد کردی گئیں

پیر 21 مئی 2018 17:41

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کی برسیوں کے موقع پر آج مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے مزار شہداء عید گاہ سرینگر کی طرف مارچ کو روکنے کیلئے سخت پابندیاں عائد کردی تھیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہڑتال اور مارچ کی کال سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے شہید رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دی تھی۔

کٹھ پتلی انتظامیہ نے لوگوں کو مارچ سے روکنے کیلئے سرینگر شہر اور مقبوضہ وادی کے دیگر علاقوں میں کرفیو اور دیگر سخت پابندیاں نافذ کردی تھیں۔ عوامی مجلس عمل کے دفتر کی طرف جانیوالے تمام راستے بند کردیے گئے اور شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو خار دار تاریں بچھاکر بندکیا گیا تھا جبکہ لوگوں کو گھروں سے باہر آنے کی اجاز ت نہیں دی جارہی تھی۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز کی گاڑیاں دن بھر شہر میںگشت کرتی رہیں۔ وادی کشمیر میں ٹرین سروس معطل رہی جبکہ آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیئے گئے۔ میر واعظ مولوی محمد فاروق کو 21مئی 1990 کو نامعلوم مسلح افراد نے گولی مارکر شہید کردیا تھا جبکہ عبدالغنی لون کو 21مئی 2002ء کو نامعلوم بندوق برداروں نے شہید کیاتھا ۔ بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے علاقے حول میں میرواعظ مولوی محمد فاروق کے جنازے پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 72سوگواروں کو شہید کیا تھا۔

انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق،محمد اشرف صحرائی، محمد یاسین ملک، مختار احمد وازہ ،ہلال احمد وار اور دیگر حریت رہنمائوںکو مارچ کی قیادت سے روکنے کیلئے گھروں یا جیلوں میں نظر بند رکھا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کشمیر اقتصادی محرومی کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک کروڑ چالیس لاکھ سے زائد کشمیریوں کے بنیادی حق ، حق خودارادیت کا مسئلہ ہے۔

دختران ملت کی ترجمان نے ایک بیان میں پاٹی چیئرپرسن آسیہ اندرابی اوردیگرپار ٹی رہنمائوں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کی رہائی کے فوراً بعددوبارہ گرفتای کی شدید مذمت کی ہے۔ جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وجبر کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ جموںو کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ، مسلم لیگ، تحریک مزاحمت اورہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اپنے الگ الگ بیانات میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان کو سختی سے مسترد کردیا ہے کہ تنازعہ کشمیر کا واحد حل ترقی ہے۔