مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوجیوں نے پلوامہ میں ایک شہری کو شہید کردیا

جنوبی کشمیر میں انٹرنیٹ اور ٹرین سروسز معطل ، سکول اور کالج بند

پیر 28 مئی 2018 15:04

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں گزشتہ رات ضلع پلوامہ میں ایک اور عام شہری کو شہید کردیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت بلال احمد گنائی کے طورپر ہوئی ہے اور وہ پیشے سے ایک ڈرائیور تھا۔ بلال احمد گزشتہ رات ضلع کے علاقے کاکہ پورہ میںبھارتی فوجیوں کی اندھا دھند فائرنگ سے شدید زخمی ہواتھا اور ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے علاقے میں بھارتی فوج کی 50راشٹریہ رائفلز کے کیمپ پر ایک حملہ ہوا تھاجس میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیاتھا۔ دریں اثناء قابض انتظامیہ نے نوجوان کی شہادت پر احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے ضلع کے تمام سکولوں اور کالجوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں اور جنوبی کشمیر میں انٹرنیٹ اور ٹرین سروسز معطل کردی ہیں۔ بھارتی پولیس کی ہدایت پر سیلولر کمپنیوں نے اتوار کی رات کو ہی انٹر نیٹ سروس معطل کردی تھی جبکہ بانہال اور بارہمولہ کے درمیان ٹرین سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔