سیدعلی گیلانی کی طرف سے بلال احمد گنائی کے قتل کی شدید مذمت

بارہویں جماعت کے مقابلے کے امتحان میں شاندار کامیابی پر اسماء شبیر کو زبردست مبارک باد پیش کی

منگل 29 مئی 2018 12:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے پلوامہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایک عام شہری بلال احمد گنائی کے بلا جوازقتل کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری بیان میں گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیاکہ بھارتی فوجی کارروائیوں کے دوران دانستہ طورپر شہری آبادی پر بندوق کے دھانے کھول کر کشمیری حریت پسند عوام میں خوف وہراس کاماحول قائم رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوںنے شہیدبلال احمد کوزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کے ساتھ ایفائے عہد کو پورا کرنا ہم سب کا فرض ہے۔

(جاری ہے)

سیدعلی گیلانی کی ہدایت پر حریت رہنماء بشیر احمد اندرابی نے پلوامہ جاکر شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور اس موقع پر ایک عوامی ریلی سے خطاب بھی کیا۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ علاقے کے اطراف واکناف میں بھارتی قابض انتظامیہ اخوانی طرز کے نامعلوم بندوق برداروں کی پشت پناہی کرتے ہوئے ہماری مقدس تحریک آزادی کو خانہ جنگی میں تبدیل کرنے کے منصوبوں پر عمل کررہی ہے ۔انہوںنے غیور کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال میں تحریک دشمنوں کے مکروہ عزائم سے خبردار رہتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارت حریت پسند عوام کی صفوں میں انتشار پھیلانے اور عوام کو اپنی مقدس تحریک سے بدظن کرنے کے تمام سامراجی حربے آزما رہا ہے، لیکن انہیں آج تک ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہ ہوا۔انہوںنے نئی دلی کی تہار جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند سینئر حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کی دختر کی بارہویںجماعت کے امتحانات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری اس بیٹی نے اپنے والد کی غیر قانونی نظربندی اورمتعددقسم کی مشکلات اور ذہنی دباؤ کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے بارہویں جماعت کے مسابقتی امتحان میں اول پوزیشن حاصل کرکے اپنی مظلوم قوم کے نونہال طلباء کیلئے ایک مثال قائم کی ہے اور پوری قوم کو ایسی بیٹی پر فخر ہے۔

انہوںنے ٹیلی فون پر اسماء شبیرکومبارک باد پیش کی اور حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے ارکان بشمول حکیم عبدالرشید، سید محمد شفیع اور امتیاز احمد شاہ پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کے وفد کو شبیر احمد شاہ کی رہائش گاہ بھیجا ۔ ادھر تحریک حریت جموںو کشمیر نے ناڑوہ پلوامہ میںبھارتی فوجیوںکی طرف سے ایک عام شہری بلال احمد گنائی کے بہیمانہ قتل کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بلال گنائی کو بھارتی فورسز نے اس وقت گولی مار کر شہید کردیا جب وہ شام کو کام سے واپس گھر جارہاتھا۔

تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی ہدایت پر غلام محمد ہرہ نے ناڑوہ کاکپورہ جاکر شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اوراس موقع پرایک تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ کی طرف سے نام نہاد جنگ بندی کے تمام دعوئے جھوٹے ثابت ہو گئے ہیں ۔رمضان المبارک کے دوران بھی تلاشیاں، چھاپے، محاصرے اور گرفتاریاں مسلسل جاری ہیں اور نہتے کشمیریوں پر مظالم میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔