Live Updates

انتخابات کے انعقاد میں کسی بھی صورت تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی ،کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرینگے ‘(ن) لیگ

انتخابات کو موخر کرانے کے حربے اختیار کیے جارہے ہیں، بروقت نہ ہونے سے ریاست پاکستان کو نقصان پہنچے گا‘ نواز شریف قبل از وقت انتخابات چاہنے والی جماعت اب راہ فرار اختیار کررہی ہے، انہیں اندازہ ہو چکا انتخابات میں (ن) لیگ ہی جیتے گی‘ قائد (ن) لیگ پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا ،نواز ،شہباز شریف ، راجہ ظفر الحق ، مریم نواز ، سعد رفیق ، احسن اقبال اور دیگر کی شرکت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ،ٹکٹوں کی تقسیم کے فارمولے،حکومت کی کارکردگی ،پارٹی منشور سمیت آئندہ کے لائحہ عمل بارے تبادلہ خیال امید ہے انتخابات بروقت ہونگے، عوام بھی تیار نظر آتے ہیں، نگران حکومت کی سب سے بڑی ذمہ داری انتخابات کا بروقت انعقاد ہے‘ مریم اورنگزیب مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو ہے، ہم نے ووٹ اور ووٹر کو عزت دی‘ سابق وزیر اطلاعات کی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 2 جون 2018 22:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس گزشتہ روز ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ،ٹکٹوں کی تقسیم کے فارمولے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی اورپارٹی منشور سمیت آئندہ کے لائحہ عمل بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، اجلاس کے شرکاء نے انتخابات ملتوی کرانے کے امکانات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس امر پر اتفاق کیا کہ انتخابات کے انعقاد میں کسی بھی صورت تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ،مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انتخابی میدان میں اترنے اور کامیابی کے لئے پر عزم ہے ۔

ذرائع کے مطابق ماڈل ٹائون میں منعقدہ اجلاس میں سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے تاحیا ت قائد محمد نواز شریف ،مرکزی صدر محمد شہبازشریف، چیئرمین راجہ ظفر الحق ،خواجہ سعد رفیق ، احسن اقبال ،پرویز رشید ،مریم نواز ، رانا ثنا اللہ خان ، مریم اورنگزیب ،چوہدری برجیس طاہر مشاہد حسین سید،انجینئر امیر مقام ، پرویز ملک ،راجہ اشفاق سرور، ثنا اء اللہ زہری ،رانا تنویر حسین ، سائرہ افضل تارڑ ، طارق فضل چوہدری اور ملک ندیم کامران سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ٹکٹوں کی تقسیم کے فارمولے سمیت موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال اور مختلف تجاویز پر غوروخوض کیا گیا ۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹکٹ پارٹی سے مخلص اور وفادار لوگوں کو دیئے جائیں گے، پارلیمانی بورڈ ٹکٹ دینے کے حوالے سے پیر سے باضابطہ کام شروع کرے گا، اس حوالے سے امیدواروں کے متعلق ڈویژنل کمیٹیوں کی رپورٹیں بھی حاصل کی جائیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن)کو ٹکٹ لینے کے لیے 2 ہزار 475 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، پارلیمانی بورڈ 10 جون تک اپنی سفارشات مکمل کر لے گا جبکہ پارٹی ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ نواز شریف کریں گے۔علاوہ ازیں اجلاس میں (ن) لیگ کے مرکزی پارلیمانی بورڈ نے مریم اورنگزیب کو پارٹی ترجمان مقرر کر دیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات میں تاخیر کے امکانات پر تحفظات کا اظہار کیا گیا جبکہ شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ انتخابات میں کسی صورت تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔

اجلاس میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ انتخابی اصلاحات کمیٹی نے کاغذات نامزدگی میں متفقہ ترامیم کیں او رپارلیمنٹ نے ایکٹ پاس کیا ۔انتخابات موخر کرانے کے حربے اختیار کیے جارہے ہیں، ایسے کسی اقدام سے ریاست پاکستان کو نقصان پہنچے گا اور علاقائی آوازیں بھی اٹھیں گی۔انہوںنے کہا کہ انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دیں گے، قبل از وقت انتخابات چاہنے والی جماعت اب راہ فرار اختیار کررہی ہے، یہ سیاسی جماعت اپنے اقدامات سے انتخابات موخر کرانے کی حمایت کر رہی ہے، انہیں اندازہ ہو چکا کہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن)جیتے گی۔

اجلاس کے دوران شہبازشریف نے کہا کہ جو لوگ پارٹی چھوڑ کر گئے ان کا حساب ووٹر خود کر لیں گے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی 5 سالہ کارکردگی پر بات ہوئی جبکہ اس دوران عام انتخابات سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔انہوںنے کہا کہ نگران وزیراعلی کے معاملے پر پی ٹی آئی نے مضحکہ خیز طرز عمل اختیار کیااو رپوری قوم اسے دیکھ رہی ہے ،لگتا ہے عمران خان اور ان کے حواریوں میں سے شاید کسی نے بھی آئین نہیں پڑھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ انتخابات بروقت ہوں گے، عوام بھی تیار نظر آتے ہیں، نگران حکومت کی سب سے بڑی ذمہ داری انتخابات کا بروقت انعقاد ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو ہے، ہم نے ووٹ اور ووٹر کو عزت دی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کاکہناتھاکہ پی ٹی آئی اورسرفراز بگٹی کے رویے میں کوئی فرق نہیں،جسے وزیر اعظم بننے کی جلدی ہو کیا وہ انتخابات سے بھاگتاہے بلکہ وہ تو الیکشن کمیشن کو جلد انتخابات کیلئے خط لکھتا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات