کراچی بحرانوں کے خاتمہ کے لیے متحدہ مجلس عمل کی سنجیدہ ، ذمہ دارانہ اور عوام دوست سیاست ہی کلیدی کردار ادا کرے گی ،لیاقت بلوچ

ہفتہ 9 جون 2018 20:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لانڈھی کراچی میں عوامی افطار ی سے خطاب اور متحدہ مجلس عمل کی انتخابی مہم کے ماہرین کے ساتھ نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے بحرانوں کے خاتمہ کے لیے متحدہ مجلس عمل کی سنجیدہ ، ذمہ دارانہ اور عوام دوست سیاست ہی کلیدی کردار ادا کرے گی ۔

کراچی میں عوام کو تقسیم کرنے اور ایک دوسرے کا دشمن بنانے کا ہر حربہ استعمال کیا گیا لیکن کراچی میں مساجد ، مدارس اور دینی قوتوں نے کراچی کے محب وطن کردار کو ماند نہیں پڑنے دیا ۔ دینی جماعتوں کا اتحاد ایم ایم اے پورے ملک میں وحدت ، یکجہتی ، معاشرے کے تمام طبقات کے لیے رفاہی اور فلاحی کردار ادا کرے گا ۔

(جاری ہے)

نظام مصطفیٰؐ ہی مسائل کا حل ہے۔

لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہاکہ جنرل مشرف پاکستا ن واپس آ کر اب عدلیہ کے سامنے سرنڈر کردیں ۔ مقدمات سے مفروری فوج اور ریاست کے لیے بڑی بدنامی ہے ۔ سپریم کورٹ نے جنرل مشرف کو پاکستان واپس لانے کے لیے ٹھیک ٹریک استعمال کیا ہے یقیناً عدالت کے فیصلوں اور غداری کے مقدمات میں پیش رفت میں فوجی آمر آزاد نہیں رہ سکیں گے ۔

ایسی صورت حال اب خود عدلیہ کے لیے بڑا چیلنج ہے ۔ جانبداری کے تاثر سے عدلیہ فعالیت ،قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد اور غیر جانبداری کو دھچکا لگے گا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کے پنجاب ، سندھ ، کے پی کے اور بلوچستان کے صوبائی پارلیمانی بورڈز اپنا کام مکمل کررہے ہیں ۔مرکزی پارلیمانی بورڈ بروقت فیصلے کر کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرے گا ۔ انہوں نے کہاکہ کئی سابق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ کے لیے رابطوں میں ہیں ۔