وزیراعظم راجہ فاروق حیدرکی وفاقی وزیر امور کشمیر مسز روشن خورشید بروچا سے ملاقات

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں ،آزادکشمیر کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

منگل 12 جون 2018 17:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان مسز روشن خورشید بروچا سے منگل کو اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کے علاوہ آزادکشمیر کی مجموعی سیاسی و معاشی صورت حال پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں کو شہید کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت ان ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کیلئے کی جانیوالی پرُا من تحریک کو نہیں دبا سکتا ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان ان تمام تر حالات میں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کی تمام تر سیاسی، اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

ملاقات میںوفاقی وزیر نے کہا کہ اُن کی حکومت کی اولین ترجیح، پاکستان میں صاف وشفاف انتخابات کا بروقت انعقاد کرنا ہے، جس کیلئے موجود نگران حکومت تمام اقدامات کر رہی ہے ۔ملاقات میں آزادکشمیر کے وزیرا عظم نے وفاقی وزیر کو تعلیم وصحت و دیگر شعبوں میں کیے جانیوالے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر کو وفاق کی جانب سے تمام ترتعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ اُن کی حکومت اور وزارت اپنے تفویض کردہ مینڈیٹ کے مطابق آزادکشمیر حکومت سے بھرپور تعاون جاری رکھے گی ۔ اس موقع پر آزادکشمیر کے وزیر اعظم نے وفاقی وزیر اُمور کشمیر کوآزادکشمیر کے دورے کی بھی دعوت دی۔