کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے استعفیٰ سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد جمہوری عمل کا تاثر دے رکھا ہے جبکہ حقائق یہ ہیں یہ دنیا کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کی لندن میں میڈیا سے گفتگو

جمعرات 21 جون 2018 16:10

لندن/مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے استعفیٰ سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد جمہوری عمل کا تاثر دے رکھا ہے جبکہ حقائق یہ ہیں یہ دنیا کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات اقوام متحدہ کی قراردادوں کا نعیم البدل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے دبایا نہیں جا سکتا۔کشمیریوں نے اپنی آزادی کیلئے لاکھوں جانوں کی قربانی دی ہے۔لاکھوں نوجوان شہید،اربوں روپے کی پراپرٹی تباہ اور خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی،بین الاقوامی برادری کے منہ پر اور نام نہاد جمہوریت بھارت کے منہ پر بھی طمانچہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اپنے دوہرا معیار ختم کرنا ہو گا۔وگرنہ اقوام متحدہ کی ساکھ تو تباہ ہو چکی ہے آنے والے وقت میں یہ ادارہ دیگر قوموں کیلئے بھی ناقابل اعتبار ہو جائیگا۔انہوں نے کہا کہ صحافی شجاعت بخاری نے حق اور سچ کیلئے اپنی جان کی قربانی دی ہے اور ان کا لہو رنگ لا کر رہے گا اور شجاعت بخاری کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا۔