مقبوضہ کشمیر، شہید کشمیری نوجوان کی نماز جنازہ میںدو لاکھ افراد کی شرکت

بھارت مخالف ہڑتال سے مقبوضہ کشمیرمیں نظام زندگی مفلوج رہا

پیر 25 جون 2018 20:51

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میںدولاکھ کے قریب افراد نے آج ضلع اسلام آباد میںشہید نوجوان شکوراحمد ڈر کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی کی وجہ سے شہید نوجوان کی نماز جنازہ متعدد بار ادا کی گئی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شکور احمدڈار کو بھارتی فوجیوںنے گزشتہ روز ضلع کولگام کے نواحی علاقے کیموہ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کردیاتھا۔

شہید نوجوان کی نماز جنازہ ضلع کے علاقے دیورسر کے ایک وسیع میدان میں ادا کی گئی ۔اس موقع پر تین مجاہدین نمودار ہو ئے اورہوائی فائرنگ کر کے شہید نوجوان کو سلامی پیش کی۔ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہریوں کے مسلسل قتل عام کے خلاف آج پوری وادی کشمیرمیں ہڑتال کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج رہا ۔

(جاری ہے)

ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ، میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی ۔

سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر اضلاع میں تمام دکانیں ، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بندرہے جبکہ سڑکوں پرٹریفک معطل رہی ۔بھارت مخالف احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے بھارتی پولیس اور پیراملٹری فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ بارہمولہ اور بانہال کے درمیان ٹرین سروس معطل اورجنوبی کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز بند تھیں۔ قابض انتظامیہ نے محمد یاسین ملک کو گرفتار کیااور میرواعظ عمرفاروق،محمد اشرف صحرائی اور دیگر حریت رہنمائوں کو گھروں میں نظربند رکھاجبکہ سید علی گیلانی پہلے ہی گھر میں نظربند ہیں۔

ر فیع آباد کے علاقے نادی ہل میں بھارتی فوجیوں نے احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کرکے گیارہویں جماعت کے ایک طالب علم کو زخمی کردیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں علاقے میں مسلسل قتل و غارت پر بھارتی حکمرانوں کوشدید تنقید کانشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے فسطائی حکمران اور فوجی جنرل نہتے کشمیری نوجوانوں کے خلاف مہلک ہتھیاروں کے استعمال کے لیے کشمیر میں 1990ء جیسی صورتحال پیداکرنے کے مختلف بہانے تلاش کررہے ہیں۔

سینئر حریت رہنما اورتحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ بھارتی فورسز نہ صرف کشمیری عوام کی نسل کشی کررہی ہیں بلکہ ان کی املاک کو بھی تباہ کررہی ہیں۔ حریت رہنما شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو بندوق کی نوک پر حق خودارادیت سے محروم رکھا جارہا ہے۔