تحریک آزادی کشمیر موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،ْراجہ فاروق حیدر

جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام شہداء گیلری کے قیام کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں،نوجوان نسل تک مسئلہ کشمیر کو اس کے حقیقی تناظر میں پہنچانے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں ،ْوزیر اعظم آزاد کشمیر

بدھ 27 جون 2018 16:26

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام شہداء گیلری کے قیام کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گیلری کے لیے جگہ حکومت آزادکشمیر مہیا کرے گی پاکستان کی تمام یونیورسٹیز میں بھی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جائے اور تحریک آزادی کشمیر کے سلسلہ میں اہم شخصیات کے انٹرویوز کرنے کے علاوہ غیر جانبدارنہ تاریخ مرتب کرنے کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے نوجوان نسل تک مسئلہ کشمیر کو اس کے حقیقی تناظر میں پہنچانے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں اورحقیقی تناظر میںپہنچانے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں اور تحقیقی کو فروغ دیا جائے شہداء کی یادگار تعمیر کی جائے وزیراعظم آزادکشمیر جموں و کشمیر لبریشن سیل کے بورڈ سے خطاب کر رہے تھے اجلاس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر وحید الدین ،سیکرٹری سروسز چوہدری لیاقت ،پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی ،سیکرٹری سیل ادریس عباسی،ایڈیشنل سیکرٹری مالیات ،ڈائریکٹر سیل انتظامیہ راجہ سجاد لطیف ،ڈائریکٹر آپریشنز راجہ اسلم اور دیگر حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزاد کشمیر نے جموں وکشمیر لبریشن سیل بورڈ کا پالیسی اجلاس طلب کیا تھا اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر کو سیل کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا پالیسی اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے سیل کا ریسرچ جنرل عالمی معیار کا ہونا چاہیے سیل کے زیر اہتمام شائع ہونے والے رسالہ کشمیر ٹو ڈے کو بیرون و اندرون ملک ،یونیورسٹیز ،تھنک ٹینکس ،سکالرز اور دیگر شخصیات تک پہنچایا جائے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کو سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے جدید سائنسی بنیادوں پر اجاگر کیا جائے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرنے کے علاوہ اہم قومی ایام پر منعقد کی جانے والی تقاریب میں تمام سیاسی جماعتوں ،مہاجرین جموں وکشمیر اور تمام مکاتب فکر کی شرکت کو یقینی بنایا جائے وزیراعظم آزادکشمیر نے مشترکہ مزاحمتی قیادت اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے قائدین کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں وزیراعظم نے تحریک آزادی کے شہداء اور سیز فائر لان پر بھارتی جارحیت کے شہداء کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا وزیراعظم آزادکشمیر نے مزید کہا کہ ماہ جولائی تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے پوری کشمیری قوم کو ماہ جولائی کی تقاریب میںبھرپور شرکت کرنی چاہیے 13جولائی تحریک آزادی کشمیر کا نقطہ آغاز ہے جبکہ 19جولائی کو کشمیریوں نے اپنی منزل پاکستان کے ساتھ منسلک کی اور قرارداد الحاق پاکستان منظور کی ۔