عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا ‘ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز

کسی بھی سرکاری ملازم کے کسی پارٹی ورک یا میٹنگ میں شریک ہونے کی اجازت نہیں ‘ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے لئے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں

منگل 3 جولائی 2018 13:00

نوشہروفیروز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2018ء) عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا اور کسی بھی صورت میں خلاف ورزی کوبرداشت نہیں کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر انور علی شر نے اپنے دفتر میں آئندہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کوضابطہ اخلاق کے بارے میں آگاہی دینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایس ایس پی امجد شیخ، قومی اسمبلی کے امیدوار سید ظفر علی شاہ، صوبائی اسمبلی کے امیدواروں سید حسن علی شاہ،ممتاز چانڈیو،عارف مصطفی جتوئی،راضی خان جتوئی،سید ظہیر حسین شاہ،فیرز جمالی، مولانا عبدالرحمن ڈنگراج،غوث بخش چانگ،امان قاضی، مقصود خشک اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آپ لوگ قانون بنانے والے ہیں اور قانون کی پاسداری سب سے پہلے آپ پر فرض ہے۔

آج کل میڈیا اور سوشل میڈیا کا دور ہے کوئی بھی خلاف ورزی امیدوار کی نااہلی یا گرفتاری کا سبب بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری ملازم کے کسی پارٹی ورک یا میٹنگ میں شریک ہونے کی اجازت نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے لئے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حساس پولنگ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا پولنگ اسٹیشن میں پرزائڈنگ آفیسر کے علاوہ کسی کو موبائل فون لانے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے غیر جانبدارانہ اور پر امن الیکشن کرانے کا تہیہ کیا ہے اور اس لحاظ سے یہ الیکشن مثالی ہوں گے۔اس موقع پر ضابطہ اخلاق کے بارے میں بریف کرتے ہوئے ایس ایس پی امجد شیخ نے کہا کہ آزادانہ ،پرامن اور غیر جانبدارانہ الیکشن کرنے کے لئے تمام ادارے تیار ہیں انہوں نے بتایا کہ الیکشن کے دوران ضلع میں پاک فوج کے 2500 جوان ، 2750پولیس اہلکار اور رینجرز اہلکار مقرر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر عمل نہ کرنے والے امیدوار کسی بھی صورتحال کا خود ذمہ دار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کار ریلی اور اسلحہ کی نمائش کی کسی بھی صورت اجازت نہیں ہے۔اور کسی بھی امیدوار کے ساتھ یا بنگلے پر کسی مجرم کو دیکھا گیا تو اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔ امیدوار جلسے کے لئے ضلع انتظامیہ سے اجازت لینے کے پابند ہوں گے ، جبکہ تمام کارنر میٹنگ کے بارے میں چوبیس گھنٹے قبل ضلع انتظامیہ کو آگاہی دینا ہوگی، انہوں نے کہا کہ سرکاری عمارات اور تنصیبات پر پارٹی پرچم یا بینر لگانے پر پابندی ہے۔

ایسے پرچم اور بینرز فور طور پر ھٹادیئے جائیں گے۔جبکہ پرائیویٹ عمارتوں پر مالک کی مرضی کے بغیر کسی بھی پارٹی کا پرچم یا بینر لگانے کی اجازت نہیں ہے جبکہ بینرکی سائز 3x9فٹ سے زائد نہیں ہونی چاہیے۔ جبکہ پینا فلیکس اور بڑے ہورڈنگز پر پابند عائد ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خواتین پولنگ اسٹیشن پر صرف خواتین پولنگ ایجنٹ مقرر کی جاسکیں گی۔ ایس ایس پی نے کہا کہ مجھے اپنی نوکری امیدوار کی سیٹ سے زیادہ پیاری ہے اور ہم قطعی طور پر کسی پارٹی کی فریق نہیں ہیں-