مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوجیوں نے 4کشمیری نوجوان شہید کردیے

ہزاروں افراد نے بارہمولہ میں شہیدطالبعلم کی نماز جنازہ میں شرکت کی

منگل 10 جولائی 2018 21:09

سری نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں ضلع شوپیان میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران تین نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق 25جون کو بارہمولہ ہندوارہ ہائی وے پر بھارتی فوجیوں کی طرف سے احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ سے زخمی ہونے والا طالبعلم عبید منظور لون آج سرینگر کے ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

خواتین اوربچوں سمیت ہزاروں افراد نے شہید طالبعلم کے آبائی علاقے نادی ہل سوپورمیں اس کی نمازجنازہ میں شرکت کی ۔ اس موقع پر آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ طالبعلم کی شہادت پر نادی ہل اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مکمل ہڑتا ل کی گئی۔

(جاری ہے)

نوجوانوں کی شہادت پر منگل کو مختلف علاقوں میں زبردست بھارت مخالف مظاہرے ہوئے ۔

بھارتی فوجیوں نے شوپیان کے علاقے کنڈلن میں مظاہرین پر گولیوں ، پیلٹ اور آنسوں گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں دودرجن کے قریب افراد زخمی ہوگئے۔ سید علی گیلانی ، میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے ایک بیا ن میں ضلع شوپیان میں معصوم شہریوں کے قتل کے خلاف کل مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ ضلع شوپیاں کے علاقے کنڈلن میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کرنے والی بھارتی فوج کی ایک ٹیم پر حملے میں ایک جونیئر کمیشنڈ افسر سمیت دو بھارتی فوجی زخمی ہو گئے ۔

حریت رہنما شبیر احمد ڈار ، نثار حسین راتھر ، محمد احسن اونتو اور دیگر ضلع کولگام کے علاقے ریڈ ونی میںبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے تین نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے ان کے گھرگئے ۔دوران حراست لاپتہ کشمیریوں کے والدین کی تنظیم اے پی ڈی پی،محمد احسن اونتو اورکشمیر اکنامک الائنس نے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کی طرف مبذو ل کرانے کے لیے سرینگر میں احتجاجی مظاہرے کئے ۔

ادھر تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پارٹی کارکنون عبدالرحمان تانتر ے اور بشیر احمد صوفی پر ایک بار پھر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر نے اور انہیں جموںکی کوٹ بھلوال جیل منتقل کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔