قومی اسمبلی کے حلقہ این ای238اور سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس91پر پاکستان تحریک انصاف اور تحریک صوبہ ہزارہ کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگئی

ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے کراچی کو کچھ نہیں دیا،بابا حیدر زمان ہماری درخواست پر کراچی آئے ہیں ، عارف علوی، عمران اسماعیل قیام پاکستان میں ہزارہ کا بہت اہم کردار رہا ہے ،لوگوں کو اپنی مرضی سے کام کرنے دینا چاہیے ۔ یہی جمہوریت ہے، بابا حیدر زمان

منگل 17 جولائی 2018 23:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) عام انتخابات کے لیے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این ای238اور سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس91پر پاکستان تحریک انصاف اور تحریک صوبہ ہزارہ کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگئی ہے ۔منگل کو گزری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی، عمران اسماعیل نے تحریک ہزارہ صوبہ کے سربراہ بابا حیدر زمان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے کراچی کو کچھ نہیں دیا،بابا حیدر زمان ہماری درخواست پر کراچی آئے ہیں۔

(جاری ہے)

بابا حیدر زمان نے جمہو ری جدو جہد میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔عارف علوی نے کہا کہ وہ این اے 238پر تحریک صوبہ ہزارہ کے امید وار کی حمایت کرینگے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے خیالات الگ الگ ہیں اس لیے ایم کیو ایم کے ساتھ کسی بھی طرح کا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا امکان نہیں ہے ۔اس موقع پر تحریک ہزارہ صوبہ کے سربراہ بابا حیدر زمان نے پی ایس 91پرتحریک انصاف کے امید وار کی حمایت کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ قیام پاکستان میں ہزارہ کا بہت اہم کردار رہا ہے ،لوگوں کو اپنی مرضی سے کام کرنے دینا چاہیے ۔ یہی جمہوریت ہے۔