مقبوضہ کشمیر، کل جماعتی حریت کانفرنس کی کشمیری نظر بندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

شہید نوجوان کی پہلی برسی پر بیروہ میںہڑتال

ہفتہ 21 جولائی 2018 18:57

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوںکی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظربندوں کو بہیمانہ برتائو اورذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ جیلوں میں نظر بند کشمیریوںکو بنیادی سہولیات فراہم نہیںکی جا رہیں اور طبی سہولت اور معیاری غذا کی عدم فراہمی کی وجہ سے ان کی صحت بری طرح سے متاثر ہو چکی ہے۔

بیان میں کہا کہ غلام حسن ملک المعراف نور خان کے انتقال کی ذمہ دار کوٹ بھلوال جیل کی انتظامیہ ہے کیونکہ ان کا مناسب علاج فراہم نہیں کیا گیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا جائزہ لینے کیلئے مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی جیلوں کا دورہ کریں۔

(جاری ہے)

جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈارنے سرینگر میں اپنی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انکی جماعت اپنے بانی رہنمائوں کی طرف سے 19جولائی1947کو پاس کی جانے والی الحاق پاکستان کی قرار داد پر پوری طرح سے کاربند ہے۔

دریں اثنا تنویر احمد وانی نامی نوجوان کی شہادت کی پہلی برسی پر ضلع بڈگام میں بیروہ اور اسکے ملحقہ علاقوں میں آج مکمل ہڑتال کی گئی۔ تنویر احمد گزشتہ برس آج ہی کے روز بھارتی فوجیوں کی بیروہ کے مرکزی بازار میں پرامن مظاہرین پر فائرنگ میں شہید ہوا تھا۔ ضلع بانڈی پورہ کے علاقے وٹہ پورہ کے رہائشیوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ بھارتی فوجیوں نے آج محاصرے اور تلاشی کی کارروئی کے دوران انہیں ہراساں کیا ، رہائشی گھروں کی لوٹ مار کی اور کئی نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ادھر تحریک آزادی کو گولیوں ، پیلٹوں اور آنسو گیس کے گولوں سے دبانے میں ناکامی کے بعد بھارتی پولیس اب مقبوضہ علاقے میں بھارت مخالف مظاہروں میں حصہ لینے والے لوگوں کو شناخت اور ہراساں کرنے کیلئے ایک اورحربہ استعمال کر رہی ہے۔ نئے حربے کے تحت پولیس اہلکاراپنی وردی کے ساتھ کیمرے نصب کر کے مظاہرین کی ویڈیوز تیار کریں گے اور ان ویڈیوز کی مدد سے بعد میں مظاہرین کو شناخت کر کے گرفتار کیاجائے گا۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے مٹن میں بمزو کے مقام پر آج ایک حملے میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس کے کم از کم دو اہلکار زخمی ہو گئے۔