حیدرآباد،نگران حکومت تحریک انصاف کو سپورٹ کررہی ہے ، جمال عارف سہرودی

نیب کی کارروائیاں ہمیں دیوار سے لگانے کے لیے ہورہی ہیں، اگر الیکشن شفاف ہوئے تو پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں ہماری حکومت ہوگی،مرکزی کونسل ممبر مسلم لیگ ن

ہفتہ 21 جولائی 2018 22:44

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی کونسل کے رُکن جمال عارف سہرودی نے کہا ہے کہ نگران حکومت تحریک انصاف کو سپورٹ کررہی ہے اور اس کے احکامات پر ناچ رہی ہے،نیب کی کارروائیاں ہمیں دیوار سے لگانے کے لیے ہورہی ہیں، اگر الیکشن شفاف ہوئے تو پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں ہماری حکومت ہوگی،انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آنے کے بعد ملک سے کرپشن ختم کردے گی۔

پشاور میٹرو کرپشن کا میگا منصوبہ بن کر سامنے آیا ہے ،ایک لاکھ سے زائد درخت لگانے کا جھوٹا وعدہ کیا، بہتان خان 300ارب کے قرضے لے کر کھا گیا ہے اور خیبر پختونخواہ کے لیے کچھ نہیں بنایا اور صوبہ بھر کا بیرہ غرق کر دیا، اللہ نے موقع دیا تو مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے پی کے کو پنجاب اور پشاور کو لاہور بنا دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں ۔

نگران حکومت پی ٹی آئی کے اشاروں پر ناچ رہی ہے اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ پی ٹی آئی کے کارکن بنے ہوئے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن بھی خاموش تماشائی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لاڈلا کچھ بھی کرے اسے کھلی چھوٹ ہے جبکہ ہمارے ورکرز پر دہشت گردی کی دفعات لگا دی جاتی ہیں۔ الیکشن مہم میں صرف 2دن رہ گئے ہیں لیکن نیب کی ساری کارروائیاں مسلم لیگ ن کو دیوار سے لگانے کے لیے ہو رہی ہیں ۔

مسلم لیگ(ن) کی نیب میں پیشیاں ہو رہی ہیں جبکہ کچھ لوگ پیسٹریاں کھا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن ) کو دیوار سے لگانا کہاں کا انصاف ہی ۔ جمال عارف سہروردی نے کہا کہ سارے کرپٹ لاڈلے کی پارٹی میں پہنچ گئے ہیں لیکن عوام کی اکثریت مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے اور اگر کسی نے ہمارا مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش کی تو ملک کیلئے اچھا نہیں ہو گا ۔ اگر خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کو موقع دیا تو کے پی کو پنجاب کے برابر لائیں گے ۔

مسلم لیگ(ن) مرکز سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اللہ نے موقع دیا تو پاکستان کو ترکی اور ملائیشیا کے برابر لائیں گے ۔جمال عارف سہروردی کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو تمام سازششیں دم توڑ جائیں گی۔ہم ووٹر کی عزت اور ووٹ کا احترام چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن کو فری اینڈ فئیر انتخابات کو یقینی بنانا چاہیے۔ترقی کے لیے شفاف الیکشن ناگزیر ہے۔

انہوں نے مسلم لیگ(ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو خبردار کیا کہ وہ نواز شریف اور شہباز شریف کے بارے میں بازاری زبان استعمال کرنا بند کریں ، پاکستان کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں نواز شریف کے تلوے چاٹنے والا پرویز الٰہی نے پرویزمشرف کے ساتھ مل کر نواز شریف کی حکومت کو ہائی جیک کیا اور پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین نے مشرف کی حکومت میں اعلیٰ عہدے لئے اور نواز شریف کیخلاف سازشیں کے جال بچھائے لیکن عوام کی عدالت نے ہر بار نواز شریف کو سرخرو کیا ۔ 25جولائی کو چوہدری برادران اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے ۔