Live Updates

عوام 25جولائی کو شیر پر ٹھپہ لگاکر عمران خان کی سیاست کو ٹھپ کردیں، شہباز شریف

عمران خان یوٹرن خان ہیں ، تصویر ملک کے ہر یو ٹرن پر لگنی چاہئے ، نواز شریف نے پاکستان میں موٹرویز کے جال بچھائے ،پنجاب میں سکول اور یونیورسٹیاں بنائی، ہم نے ہسپتالوں کی شکل اور حالت بدل دی ہے،عمران خان نے خیبرپختونخواکابیڑاغرق کردیا ہے،پشاور میں میٹرو بنی نہیں لیکن علاقہ کھنڈر بن گیا ہے، اقتدار میں آ کر کئی شہروں کو لاہورجیسے منصوبے دینگے،انشااللہ وہ وقت آئے گا جی ٹونٹی میں بھارت نہیں پاکستان ہو گا، سرگودھا میں اجتماعات سے خطاب

ہفتہ 21 جولائی 2018 23:16

عوام 25جولائی کو شیر پر ٹھپہ لگاکر عمران خان کی سیاست کو ٹھپ کردیں، شہباز ..
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان یوٹرن خان ہیں ، تصویر ملک کے ہر یو ٹرن پر لگنی چاہئے ،عوام 25جولائی کو شیر پر ٹھپہ لگاکر عمران خان کی سیاست کو ٹھپ کردیں، نواز شریف نے پاکستان میں موٹرویز کے جال بچھائے ،پنجاب میں سکول اور یونیورسٹیاں بنائی، ہم نے ہسپتالوں کی شکل اور حالت بدل دی ہے،عمران خان نے خیبرپختونخواکابیڑاغرق کردیا ہے،پشاور میں میٹرو بنی نہیں لیکن علاقہ کھنڈر بن گیا ہے، اقتدار میں آ کر کئی شہروں کو لاہورجیسے منصوبے دینگے،انشا اللہ وہ وقت آئے گا جی ٹونٹی میں بھارت نہیں پاکستان ہو گا۔

سابق وزیراعلی پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ہفتہ کو سرگودھا میں مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی پاکستان کی تاریخ کا اہم موڑ ہے ،اس روز عوام کو شیر پر مہر لگا کر نواز شریف، مریم نواز کو جیل سے باہر لانا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان میں موٹرویز کے جال بچھائے ہیں اور پنجاب میں سکول اور یونیورسٹیاں بنائی ہیں،ہم نے ہسپتالوں کی حالت بدل دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسے گرفتار کیا گیا جس نے ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو عظیم قوت بنایا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف 13 جولائی کو بیٹی کے ساتھ بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر لندن سے پاکستان پہنچے، انہیں بیمار والدہ سے ملاقات کی بھی اجازت نہیں دی گئی، دونوں باپ بیٹی کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا۔شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے خان، الزام خان اور بہتان خان روز ایک بات کرتا ہے اوریوٹرن لیتا ہے، جتنے پاکستان میں یو ٹرن کے نشان ہیں وہاں عمران خان کی تصویر لگائی جائے عوام خود سمجھ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کس نے کام کیا اور کس نے شور مچا کر دھکا دیا۔انہوں نے کہا کہ عوام اب کسی کے فریب میں نہ آئیں اور شیر پر مہر لگائیں۔شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نوازشریف کیخلاف دن رات کرپشن کی بات کرتے تھے لیکن نواز شریف کیخلاف کرپشن کاکوئی ثبوت نہیں ملا۔ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان پنجاب کی میٹرو پر انگلی اٹھائی اور پھر خیبرپختونخوا نے بھی میٹرو بنانے کی کوشش کی اور اس کا ٹھیکہ بلیک لسٹ کمپنی کو دیدیا لیکن اب تک وہاں میٹرو نہیں بن سکتی اور پورا شہر کھنڈر بن گیا ہے اب پشاور میٹرو پر خرچ ہونے والی رقم تحقیقات ہو رہی ہے۔

۔انہوں نے جلسے کے حاضرین سے استفسار کیا کہ کیا آپ پشاور کی طرح پنجاب کو برباد ہوتا دیکھ سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں جہاں بھی ہمارے نمائندوں سے کوتاہی ہوئی میں معذرت چاہتاہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملی تو سرگودھا کو لاہور جیسا بنائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آ کر کئی شہروں کو لاہورجیسے منصوبے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے پشاور ، کراچی اور کوئٹہ کو لاہور بنانے کا کہا ہے ، کیاعمران خان پشاور کو لاہوربنانے کادعویٰ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پشاور کو لاہو بنادیں تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔انہوںنے کہا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کا بیڑا غرق کردیا ہے، پشاور میٹرو میں 40 ارب روپے کی کرپشن ہوئی، جس نے 40 ارب روپے کا فراڈ کیا، کیا اس فراڈیے کو آپ ووٹ دیں گی ۔انہوں نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے عمران خان کی کرپشن پر مہر لگادی ہے ۔شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے شہباز شریف بہت خطرناک آدمی ہے، عمران خان تمہیں بہت دیر بعد پتا چلا ہے۔

عمران خان ایک لمحے کہے گا کالج بناکردوں گا، اگلے منٹ میں کہے گا نہیں بناکردوں گا۔انہوں نے کہا کہ 25جولائی کو عوام شیر پر ٹھپا لگاکر عمران خان کی سیاست کو ٹھپ کردیں۔انہوںنے کہاکہ آج ہم ایک طرف نیو کلیئر طاقت ہیں اوردوسری طرف ہمارے ہاتھ میں کشکول ہے،آگ اور پانی اکٹھے نہیں ہو سکتے اس طرح نیو کلیئر طاقت کشکول کے ساتھ نہیں چل سکتی ۔ انہوںنے کہا کہ انہوںنے کہا کہ گر آپ نے ہمیں اعتماد سے نوازا تو کئی محاذوں پر بھارت کو شکست دیں گے ،پا کستان کو ترکی اور ملائشیا کے برابر لائیں گے ۔

بھارت کو تعلیم،صحت ،ترقی ،خوشحالی میں شکست دیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ انشا اللہ وہ وقت آئے گا جی ٹونٹی میں بھارت نہیں پاکستان ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جھوٹے خان نے 2013میں کہا تھا کہ پورے پاکستان کو بجلی دوں گا،کہاں ہے وہ بجلی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر میرے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن لے آئیں تو آپ کا ہاتھ میرا گریبان ہو گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات