شریف خاندان کی بہو ہی ووٹ کے حق سے محروم رہ گئی

شہباز شریف کی بہو اور سلمان شہباز کی اہلیہ زینب اپنا ووٹ کاسٹ نہ کر سکیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 25 جولائی 2018 09:29

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جولائی 2018ء) : لاہور کے حلقہ این اے 130 میں مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے سلمان شہباز نے اپنا ووٹ تو کاسٹ کر دیا لیکن شہباز شریف کی بہو اور سلمان شہباز کی اہلیہ اپنا ووٹ کاسٹ نہ کرسکی۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ زینب سلمان کا نام سیریل لسٹ میں نہیں تھا جس کی وجہ سے وہ ووٹ کاسٹ کیے بغیر ہی گھر روانہ ہو گئیں۔

واضح رہے کہ آج ملک بھر میں پولنگ کا عمل جاری ہے، عام انتخابات 2018ء کے تحت آج عام عوام اور سیاسی رہنما بھی اپنا اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔ کچھ دیر قبل سابق وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے اپنا ووٹ حلقہ این اے 130میں کاسٹ کیا۔شہباز شریف نے جونیر ماڈل اسکول اے بلاک ماڈل ٹاؤن میں ووٹ کاسٹ کیا۔

(جاری ہے)

شہبازشریف کے ہمراہ اس موقع پر ان کے صاحبزادے سلمان شہباز اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔

اس موقع پر شہباز شریف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھاشا ڈیم بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ عوام کےلیےسستے گھربنائیں گے، انشاءاللہ جیت کر پاکستان کی خوشحالی کا سفر جاری رکھیں گے۔پاکستان کی اکثریت مسلم لیگ(ن)کو ووٹ دینا چاہتی ہے۔ ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد شہباز شریف اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن روانہ ہو گئے جبکہ ان کی بہو ووٹ کاسٹ کیے بغیر ہی روانہ ہو گئیں۔

لاہور کے حلقہ این اے 130 سے پاکستان مسلم لیگ ن کے خواجہ احمد حسان اور پاکستان تحریک انصاف شفقت محمود مد مقابل ہیں۔ عام انتخابات 2018ء کے پیش نظر ملک بھر میں پولنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ ملک بھر سے آج 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔آج قومی اسمبلی کے 272 میں سے 270 حلقوں جب کہ صوبائی اسمبلیوں کے 577 میں سے 570 حلقوں کے لیے پولنگ ہو گی اور ووٹرز اپنے پسندیدہ اُمیدوار کو ووٹ دیں گے۔