آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی، سید ناصر حسین شاہ

جمعرات 9 اگست 2018 19:01

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی، سندھ میں بھی آزاد کشمیر کی دونوں نشستوں پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوگی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر سندھ کے صدر سردار فیصل خان کی وفد کے ہمراہ آمد کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر سندھ کے صدر سردار فیصل خان نے وفد کے ہمراہ سید ناصر حسین شاہ کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کشمیر وادی پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، کشمیریوں کے حقوق کے لئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی وکالت کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر سندھ کے صدر سردار فیصل خان نے سید ناصر حسین شاہ کو سندھ میں کشمیریوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ جس پر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ میں بسنے والے کشمیری ہمارے بھائی ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔