سید مراد علی شاہ نے 27 ویں وزیراعلی سندھ کا حلف اٹھا لیا ،قائم مقام گورنر سندھ اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے حلف لیا

تقریب حلف برداری میں بلاول بھٹو زرداری،سید خورشیدشاہ،شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز سندھ، چیف سیکرٹری سندھ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کی شرکت

ہفتہ 18 اگست 2018 21:16

سید مراد علی شاہ نے 27 ویں وزیراعلی سندھ کا حلف اٹھا لیا ،قائم مقام گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اورنومنتخب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلی سندھ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔وزیراعلی سندھ کی تقریب حلف برداری ہفتہ کی شام گورنر ہائوس کراچی میں ہوئی، تقریب حلف برداری میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری،ان کی ہمشیرہ بختاور بھٹوزرداری، قومی اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈرسیدخورشید احمد شاہ، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شیری رحمان، قمرزمان کائرہ، نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمن،کور کمانڈرکراچی، ڈی جی رینجرز سندھ، چیف سیکرٹری سندھ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری سندھ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے جبکہ قائم مقام گورنرسندھ اور اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے مراد علی شاہ سے وزیراعلی سندھ کے عہدے کا حلف لیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ کی حلف برداری سے قبل قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔اس موقع پر مراد علی شاہ نے بلاول بھٹو سے ملاقات بھی کی۔سید مراد علی شاہ گزشتہ دور حکومت میں 29 جولائی 2016 کو سید قائم علی شاہ کی جگہ وزیراعلی سندھ بنائے گئے تھے جبکہ اس سے قبل وہ صوبائی وزیر خزانہ، وزیر توانائی اور وزیر آبپاشی بھی رہ چکے ہیں۔

سید مراد علی شاہ کا آبائی تعلق جام شورو سندھ سے ہے اور ان کے والد سید عبداللہ شاہ بھی پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیراعلی رہ چکے ہیں۔این ای ڈی یونیورسٹی کراچی سے سول انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کرنے والے مراد شاہ امریکہ کی اسٹین فورڈ یونیورسٹی سے بھی سول اسٹرکچرل انجینئرنگ اور اکنامک انجینئرنگ کے شعبوں میں اعلی تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔