بیرون ملک رقم واپسی کیلئےجلد اچھی خبرآئےگی،چیئرمین نیب

نیب کو کام کرنےدیا جائےکسی سے ناانصافی نہیں ہوگی، امید ہے نوجوان ارکان اسمبلی ملکی بہتری کیلئےکام کریں گے۔جسٹس رجاوید اقبال کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 28 اگست 2018 17:18

بیرون ملک رقم واپسی کیلئےجلد اچھی خبرآئےگی،چیئرمین نیب
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 اگست 2018ء) چیئرمین نیب جسٹس رجاوید اقبال نے کہا ہے کہ بیرون ملک سے رقم واپس لانے سے متعلق جلد اچھی خبر سامنے آئے گی،نیب کا کردار کا سب کے سامنے ہے،نیب کو کام کرنے دیا جائے کسی سے ناانصافی نہیں ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین لاپتا افراد کمیشن اورچیئرمین نیب جسٹس رجاوید اقبال نے آج لاپتا افراد کمیشن رپورٹ سے متعلق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کوبریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ میں مسنگ پرسنز کمیشن کا اعزاری چیئرمین ہوں۔ ایک بندہ لاپتا ہوجائے توفیملی کے ہمراہ اسے اجاگر کیا جاتا ہے۔ 2011ء سے اب تک 5290 لاپتا افراد کے کیسز ہیں۔جبکہ جولائی 2018ء تک 3462 لوگ لاپتا ہیں۔ بلوچستان کے چپے چپے سے واقف ہوں۔ بلوچستان میں لاپتا افراد کے کیسز کی تعداد131 ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان میں لوگ ذاتی دشمنیوں کی بنیاد پر لوگوں کو اغوا کرتے ہیں۔

حربیار مری اور برہمداغ بگٹی کے ساتھ بے شمارلوگ بیرون ملک گئے۔ انہوں نے کہا کہ حربیاراوربرہمداغ کے ساتھ گئے افراد کے نام بھی مسنگ پرسنزمیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوجنیوا میں ہیں ان کے نام بھی لاپتا افراد کی فہرست سے نہیں نکالےگئے۔ صوفی محمد، منگل باغ کیساتھ جانیوالے بھی لاپتا فہرست میں شامل ہیں۔ مولوی فضل اللہ کیساتھ جانیوالے بھی لاپتا افراد میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہاتھ میں کشکول ہو، ملک کمزورہو تو ہمسائے بھی مداخلت کرتے ہیں۔ ہمسایوں سے نہیں پوچھ سکے ننگرہاراورپکتیا کی جیلوں میں کتنے پاکستانی ہیں؟ معلوم کیا توپتا چلا ان جیلوں پرافغان حکومت کا بھی کنٹرول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتا افراد کے معاملے کوسیاسی بنایا گیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ لاپتا افراد سے متعلق سفارشات دیں ، کسی سفارش پرعمل نہیں کیا گیا۔

لاپتا افراد کمیشن کی حتمی رپورٹ جلد پیش کی جائے گی۔ لاپتا افراد کے ایشو پرسابق حکومتوں نے کوئی کام نہیں کیا۔ ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ میں نے پبلک کرنی ہوتی توکب کا کرچکا ہوتا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کا کردار کا سب کے سامنے ہے۔ نیب کو کام کرنے دیا جائے کسی سے ناانصافی نہیں ہوگی۔ چیئرمین نیب جسٹس رجاوید اقبال نے کہا کہ بیرون ملک سے رقم واپس لانے سے متعلق جلد اچھی خبر سامنے آئے گی۔

نوجوان ارکان اسمبلی ملکی بہتری کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میرا ادارہ ہے۔ چیف جسٹس سے ملاقات خوشگوار رہی۔چیف جسٹس نے ریفرنس دائر کرنے کوخفیہ رکھنے کا نہیں کہا بلکہ چیف جسٹس نے نیب تحقیقات کوصیغہ راز میں رکھنے کا کہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریفرنس عدالت میں جانے کے بعد نیب کا کام ختم ہوجاتا ہے۔