آئندہ دس دنوں میں میں وہ اعلان کروں گا جو آج سے پہلے کبھی نہیں ہوئے

میں سب کام مئیر ، گورنر اور وزیر اعظم کی مدد سے کروں گا۔ فیصل واڈا نے اعلان کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 14 ستمبر 2018 12:01

آئندہ دس دنوں میں میں وہ اعلان کروں گا جو آج سے پہلے کبھی نہیں ہوئے
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 ستمبر 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی حامد میر نے فیصل واڈا سے کہا کہ آپ کراچی سے صدر بھی لے آئے ہیں اور کراچی سے آپ گورنر بھی لے آئے ہیں لیکن کراچی کو آپ نے کچھ دینا بھی ہے، آپ نے الیکشن سے قبل کوڑے کرکٹ کے ڈھیرمیں کھڑے ہو کر وعدہ کیا تھا کہ آپ کراچی کو ایک صاف سُتھرا شہر بنا دیں گے ، کراچی میں حکومت تو پیپلز پارٹی کی ہے پھر آپ یہ سب کیسے کریں گے؟ جس پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی فیصل واڈا نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو ایک خوبی دی ہے ، مجھے بھی اللہ تعالیٰ نے تھوڑی ہمت دی ہے کہ میرے پاس میڈیا کی تھوڑی سی طاقت ہے۔

ابھی مئیر کراچی کی گاڑی چھینی گئی تو ایس ایچ او کو معطل کر دیا گیا ، میں نے اُس ایس ایچ او کو بحال کروایا۔

(جاری ہے)

میں نے اس لیے بحال کروایا کیونکہ میری اور آپ کی یا کسی عام آدمی کی گاڑی چھن جانے پر ایس ایچ او کو معطل نہیں کیا جاتا ، جس پر حامد میر نے ان سے سوال کیا کہ ایس ایچ او کی بحالی ایک اچھا اقدام ہے لیکن آپ نے یہ کیا کیسے؟ جس پر فیصل واڈا نے کہا کہ میں عام آدمی کی آواز بن گیا ہوں اور عوام بھی میرے ساتھ کھڑی ہو گئی ہے۔

میں ڈیڑھ ماہ سے اغوا کے مقدمات کو دیکھ رہا ہوں، حالانکہ یہ میرا کام نہیں ہے، میرا مینڈیٹ قانون سازی ہے، میں نے اپنے ووٹرز کو کہا تھا کہ میں کچھ کر نہیں سکتا لیکن میں پھر بھی کروں گا۔ فیصل واڈا نے کہا کہ میں نے ایس ایچ او کو یہ کہہ کر بحال کروایا کہ اغوا کے مقدمات میں تو کسی کو معطل نہیں کیا جاتا ، ڈیڑھ ہزار گاڑیاں چھن جاتی ہیں پھر بھی کسی کو معطل نہیں کیا جاتا۔

تو پھر مئیر کے کیس میں کیوں معطل کیا گیا، میں نے کہا کہ ایس ایچ او کو تین دن کا وقت دیا جائے اگر وہ گینگ کو نہ پکڑ سکیں تو پھر کارروائی کی جائے۔ فیصل واڈا نے کہا کہ ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، میں نے 25 سال میں کافی ریکوریاں کیں ، قبضے چھُڑوائے، میں نے کسی کی مدد نہیں لی، میں نے یہ کام عوامی مدد سے کیا۔ فیصل واڈا نے کہا کہ میں آپ سب کو اگلے دن دنوں میں وہ اعلانات کر کے دکھاؤں گا جو آپ نے کبھی سُنی نہیں ہوں گی۔ میں کسی گورنمنٹ کا ایک روپیہ نہیں لوں گا۔ میں وہ کام کروں گا جو کوئی نہیں کر سکا۔ یہ میرا کام نہیں ہے لیکن پھر بھی میں وہ کام کروں گا جو مئیر کا ، وزیراعلیٰ کا یا پھر وزیراعظم کا کام ہے، میں وہ تمام کام آپ کو کسی کی مدد کے بغیر کر کے دوں گا۔