پیپلزپارٹی کا بنوں میں جے یوآئی کے حق میں اپناامیدواردستبردارنہ کرنے کا اعلان

پیر 24 ستمبر 2018 23:49

ڈی آئی خان۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ضمنی الیکشن میں جمیعت علما اسلام کے امیدوار کی موجودگی میں بنوں میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی عدم دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں ایک فارمولا طے ہوا تھا جس کی پاکستان پیپلزپارٹی پاسداری کر رہی ہے ۔

ہم نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اعلان کے مطابق پشاور میں شہید ہارون بلور کی نشست پر اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا۔ کلاچی میں شہید اکرام خان گنڈہ پور کے فرزند کے مقابلہ میں امیدوار نہیں لائے اسی طرح باقی صوبہ بھر میں جہاں جہاں ضمنی الیکشن ہورہا ہے وہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور عوامی نیشنل پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوچکی ہے مگر ڈیرہ اسماعیل خان میں جمیعت علما اسلام نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے مقابلے میں مولانا فضل الرحمان کے بھائی مولانا عبیدالرحمان کو ٹکٹ جاری کر کے طے شدہ اصول کی خلاف ورزی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طے شدہ فارمولا کے مطابق جمعیت علما اسلام ڈیرہ اسماعیل خان میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرے گی جبکہ بنوں کے ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی جمعیت علما اسلام کے امیدوارکی حمایت کرے گی انہوں نے کہا کہ اگر جمعیت علما اسلام نے ڈیرہ اسماعیل خان کے حلقہ سٹی ون پر پیپلزپارٹی کے امیدوار ملک فرحان افضل دھپ کے حق میں جمعیت علما اسلام کے امیدوار مولاناعبید الرحمان کو دستبردار نہ کیا تو پھر پیپلز پارٹی بھی بنوں میں جمعیت علمائے اسلام کے راہنما اکرم خان درانی کے بیٹے کے مقابلے میں پارٹی امیدواریاسمین صفدرکی بھرپور انتخابی مہم چلائے گی۔