Live Updates

نواز شریف سے ڈیل اور اس میں سعودی عرب کے کردار کے حوالے سے چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں،

حکومت چاہے بھی تو نواز شریف کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں کر سکتی، حکومت سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہے، سعودی حکومت سے قرض لینے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،ہماری خواہش ہے سعودی عرب پاکستان میں زیادہ سرمایہ کاری کرے، فوج، عدلیہ اور حکومت ایک پیج پر ہیں اور تمام ادارے ایک دوسرے کو مکمل سپورٹ کر رہے ہیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 2 اکتوبر 2018 23:50

نواز شریف سے ڈیل اور اس میں سعودی عرب کے کردار کے حوالے سے چلنے والی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف سے متعلق ڈیل اور اس میں سعودی عرب کے کردار کے حوالے سے چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں، حکومت چاہے بھی تو نواز شریف کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں کر سکتی، حکومت سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہے، سعودی حکومت سے قرض لینے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،ہماری خواہش ہے سعودی عرب پاکستان میں زیادہ سرمایہ کرے، ،فوج، عدلیہ اور حکومت ایک پیج پر ہیں اورتمام ادارے ایک دوسرے کو مکمل سپورٹ کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ سالوں میں سعودی قیادت نواز شریف سے کافی نالاں تھی، اس لیے یہ سوال ہی درست نہیں، انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی جس اعلیٰ اخلاقی معیار کی بنیاد پر انتخاب جیت کر آئی ہے، ہمارا ووٹ بینک بہت فعال ہے وہ کبھی ایسی حماقت کی اجازت نہیں دے گا، میں آپ کو واضح انداز میں بتا سکتا ہوں کہ ہم عدالت سے باہر معاملات طے نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میڈیا غیر ضروری طور پر رانا مشہور اور ان کے بیان کو اچھال رہا ہے، ان کی تو اپنی پارٹی نے اس بیان سے لاتعلقی اختیار کرلی ہے، لہٰذا اس بیان کی کوئی اہمیت نہیں۔۔وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہے، ہماری خواہش ہے کہ سعودی عرب پاکستان میں زیادہ سرمایہ کاری کرے، ہم چاہتے ہیں کہ سی پیک میں دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت سے قرض لینے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ سعودی عرب سے تاخیری ادائیگیوں پر تیل حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوھدری جیسے لوگوں نے ہی ملک کا بیڑا غرق کیا ہے، انہوں نے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے پی پی دور میں اپنے داماد کو ایڈن ہاوسنگ اسکیم کیس میں ریلیف دلایا، نیب کو افتخار چوھدری سے تفتیش کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عدلیہ کے اختیارات کو محدود نہیں کر سکتے تاہم ملک کی عدالتوں کو نظام کو بہتر کرنے پر کام کر رہے ہیں، اس سلسلے میں وزیر قانون فروغ نسیم کی سربراہی میں ٹاسک فورس کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کامقصد پاکستان بدلنا ہے۔ سعودی عرب میں وزیراعظم عمران خان کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ اور ایف آئی اے کی جعلی بینک اکائونٹس کے حوالے سے وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ اگلے چند ہفتوں میں بہت سے بڑے لوگ جیلوں میں نظر آئیں گے، انہوں نے کہا کہ کوئی کتنا بھی بڑا ہو، سب پر ہاتھ ڈالا جائے گا۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم نے وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی تمام طاقت ور لوگوں کے خلاف کیا ہے، اس آپریشن کے دوران 4500 کینال سرکاری زمین واگزار کرائی گئی ہے۔ اسی طرح کے آپریشن پنجاب اور کراچی میں بھی ہوں گے، امید ہے کہ اگلے کچھ عرصے میں 35 سے 40 ہزار کنال زمین مزید واگزار کرا لیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات