ْجماعت اسلامی کی بھارتی فورسز کی طر ف سے گرفتاریوں اور لوگوں کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت

بدھ 3 اکتوبر 2018 16:49

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجماعت اسلامی نے وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر گرفتاریوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران مکینوں خاص طورپرخواتین کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی فورسز نے وادی کشمیر میں درجنوں افراد کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں اور جیلوں میں نظربند کردیا اور کئی افراد پر کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں جموںکی دوردراز جیلوں میں منتقل کیاگیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ چھاپوں کے دوران پولیس اہلکار مکینوں خاص طورپر خواتین کو ہراساں کر رہی ہے اور دھمکیاں دے کر خوفزدہ کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ترنج، پنجورہ شوپیان اورملحقہ دیہات کے علاوہ پلوامہ کے کئی دیہات میں چھاپوں کے دوران متعدد بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار کیاگیا جس سے ان علاقوں میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیاہے۔ترجمان نے کہاکہ کولگام کے علاقہ ریڈونی بالا میں کھڈونی فرصل روڑ پر حال ہی شہریوں کی اراضی پر فوج نے جبری قبضہ کرکے فوجی کیمپ قائم کردیا ہے اور سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے عوام کی آمد ورفت محدود کردی گئی ہے اور ہر گزرنے والے شہری کو ہراساں کیاجاتا ہے اوراسکی تلاشی لی جاتی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ علاقے سے فوجی کیمپ کی منتقلی کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین پر فوجیوںنے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔دریں اثنا جماعت کے ایک وفدنے حال ہی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوان محمدسلیم ملک کے گھر نورباغ سرینگر جاکر سوگوار خاندان سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔