پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اول ترجیح ہے ، وزیر اعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم کمیونٹی انفرسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام میں سیراڑی سمیت دیگر علاقوں کو ترجیح دی جائیگی،عوام متحد ہو کر مسلم لیگ (ن )کے امیدوار کو کامیاب کریں،راجہ محمد فاروق حیدر

جمعہ 12 اکتوبر 2018 18:56

ہجیرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2018ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اول ترجیح ہے اور اس کیلئے ترقیاتی بجٹ میں زیادہ حصہ مختص کیا گیا ہے۔وزیراعظم کمیونٹی انفرسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام میں سیراڑی سمیت دیگر علاقوں کو ترجیح دی جائیگی۔عوام ترقی کے سلسلے کو جاری رکھنے کیلئے مسلم لیگ ن کے امیدوار کو اکثریت سے کامیاب کریں،مرحوم سردار خان بہادر خان کے ادھورے مشن کو مکمل کریں گے،عوام متحد ہو کر مسلم لیگ ن کے امیدوار کو کامیاب کریں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ہجیرہ کے گاوٴْں اپر سیراڑی داڑیکوٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس ، وزیرتعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز، وزیر زکواة وعشر چوہدری یاسین گلشن، وزیرتعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی، ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی سردار فاروق طاہر، مشیر حکومت اعجاز یوسف، مرکزی رہنما مسلم لیگ ن آزاد کشمیر ضیاء سردار ایڈووکیٹ، ضلعی ایڈمنسٹریٹر پونچھ سردار حفیظ خان، نائب صدر مسلم لیگ ن ضلع پونچھ چوہدری محمد رفیق اور دیگر مسلم لیگ ن کے قائدین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ حکومت آزادکشمیر نے آزادکشمیر بھر میں تعلیمی اداروں کو بہتر بنایا ہے ، صحت کے شعبہ میں بہتری آئی ہے ، سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کے بنیادی مسائل حل ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ سردار بہادر خان کی صورت میں علاقے کو ایک بہترین شخصیت میسر تھی جن کا خلاء مدتوں پر نہ کیا جا سکے گا۔

اس موقع پر عوام علاقہ نے وزیر اعظم کی توجہ علاقہ کے مسائل کی جانب مبذول کروائی جس پر وزیراعظم نے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیراڑی کے عوام اکیس اکتوبر کو مسلم لیگ ن کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں تاکہ ان علاقوں کے ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر کروائے جاسکیں۔ اس موقع پر علاقے کی متعدد اہم شخصیات سمیت سینکڑوںافراد نے پیپلز پارٹی اور دوسری جماعتوں سے مستعفی ہوکر مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اپرسیراڑی میں مسائل کو حل کرنے اور الیکشن بائیکاٹ کا اعلان کرنے والے آل سیراڑی اتحاد نے وزیراعظم کی جانب سے مسائل کے حل کی یقین دہانی کے بعد اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر احتجاجی تحریک کیسرکردہ سربراہان سردار اسحاق موسیٰ اور سردار ثاقب شاہین نے اپنے جماعتی کاکنان کے ہمراہ مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کابینہ ارکان کے ہمراہ براستہ علی سوجل داڑیکوٹ پہنچے تو عوام کے ایک جم غفیر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ سینئرصحافی اور مدیر جاوید اقبال چوہدری کی جانب سے وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے ارکان سمیت مہمانوں کیلئے پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد ایک بڑی عوامی ریلی کی صورت میں وزیر اعظم کو داڑیکوٹ جلسہ گاہ لایا گیا۔ اس موقع پر نوجوانوں کی بڑی تعداد نے مسلم لیگ زندہ باد راجہ فاروق حیدر زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔