وزیراعظم آزاد کشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان کی دھر آمد

عوام اور لیگی کارکنوں کی جانب سے شاندار استقبال ۔دھر بازار سے لیکر رکڑ تک سینکڑوں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی شکل میں جلسہ گاہ تک پہنچایا گیا یوتھ ونگ کے جوانوں کی پرجوش نعرہ بازی

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 19:30

دھر بازار ہجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2018ء) وزیراعظم آزاد کشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان کی دھر آمد۔ عوام اور لیگی کارکنوں کی جانب سے شاندار استقبال ۔دھر بازار سے لیکر رکڑ تک سینکڑوں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی شکل میں جلسہ گاہ تک پہنچایا گیا یوتھ ونگ کے جوانوں کی پرجوش نعرہ بازی۔ رکڑ کے مقام پر 14 پولنگ سیٹیشنز کے عمائدین کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ 21اکتوبر کو مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار عامر الطاف کی کامیابی کارکنوں کا جوش و جذبہ دیکھ کر یقینی نظر آرہی ہے۔

لائن آف کنٹرول پر آزادکشمیر کے شہری مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دفاع وطن کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں جن کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے اپوزیشن جماعتوں کی خواہش ہے کہ انہیں کسی نہ کسی طرح سے اقتدار ملے اور وہ اس NTS اور میرٹ کے نظام کی جگہ پرانا طریقہ کار اپناتے ہوئے بندر بانٹ کریں لیکن یہ ان کی بھول ہے نہ انہوں نے اقتدار میں آنا ہے اور نہ ہی کسی کو اب NTS اور میرٹ کے نظام کو واپس کرنے کی ہمت ہے NTS میں مزید بہتری لائیں گے انٹرویو کا طریقہ کار شفاف بنایا ہے اگر کسی جگہ غلطی سامنے آئی تو پھر کسی کو معاف نہیں کرونگا۔

(جاری ہے)

رکڑ کے لوگوں نے آج جس محبت خلوص اور پیار کا مظاہرہ کیا انہوں نے مجھے خرید لیا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی وجہ سے اعلانات نہیں کر رہا خود عوام کے مسائل دیکھ رہا ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکڑ دھر میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع کی صدارت وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز نے کی جبکہ اس سے وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی، وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس،ڈپٹی سپیکر فاروق احمد طاہر، چیئرمین ضلع زکوةٰ شکیل اعوان، ملک حنیف ، نسیم سرفراز، سردار رشید ، عرفان عزیز، ملک ظفرا للہ اعوان، ملک شاہد بشیر، جعفر اعوان، ملک وحید اعوان، ملک جمیل اعوان، ملک معروف اعوان، تہمینہ افضل نے خطاب کیا جبکہ پی پی کے مرکزی راہنماء ریاض بھٹی نے بھی خطاب کیا۔

صدر مسلم لیگ ن جب رکڑ پہنچے تو عوام نے ان کا فقید المثال استقبال کیا نوجوانوں کی ٹولیاں وقفے وقفے سے نعرے بازی کرتی رہیں۔جبکہ شدید سردی میں رات 10بجے تک عوام نے جم کراجتماع کے مقررین کی تقاریر کو سنا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر بھر کے تمام شہری و دیہی علاقوں تک پینے کے صاف پانی کی بلا تخصیص فراہمی کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

محکمہ صحت میں پہلے ضلعی، پھر تحصیل اور بعد میں رورل ہیلتھ سنٹرز کی حد تک مرحلہ وار بہتری لا رہے ہیں ۔ 2 سال میں آزادکشمیر کے اندار عملی طور پر سماجی انقلاب لا کر دکھایا جس کے تحت آج لوگ بغیر سفارش کے میرٹ پر ٹیچر بھرتی ہو رہے ہیں ایک استاد نئی نسل تیارکرتاہے ماضی میں با صلاحیت بچوں کے ساتھ صرف رشوت،سفارش نہ ہونے کی وجہ سے زیادتی کی جاتی رہی مگر اب جہاں جاتا ہوں لوگ کہتے ہیں ایسے لوگ میرٹ پر بھرتی ہو رہے ہیں جنہیں کسی نے نہیں لگانا تھا۔

اللہ تعالیٰ دلوں کے بھید جانتا ہے اور دل سے نکلی دعائیںبراہ راست اس تک پہنچتی ہیں۔ ہم نے 2 سال عوام کے حقوق کے لیے کام کیاجو لوگ اپنے گھر بازار کی سڑک تک ٹھیک نہیں کروا سکے وہ عوام کی خدمت کیا کریں گے محمد نواز شریف نے ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے ذریعے پونچھ ڈویژن میں سڑکوں کا جال بچھایا جب حکومت میں آئے تو احسن اقبال نے کہاکہ راجہ صاحب ہم نے سابق حکومت کو اس لیے پیسے نہیں دیے کہ انہوں نے کھا جانے تھے ایشین ڈویلپمنٹ بنک کا پیسہ آزادکشمیر کے بجٹ کا حصہ ہے۔

محمد نواز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقے کے لیے منصوبہ جات دیے۔ ہمارا ترقیاتی بجٹ 11ارب سے اب23 ارب تک پہنچ گیا ہے اب نائب قاصد کی آسامی کے لیے وفاقی وزارت خزانہ کے پاس نہیں جانا پڑتا۔ پہلے تنخواہوں کیلئے پیسے نہیں ہوتے تھے اپوزیشن والے حکومت بنانے اور عدم اعتماد کا سوچتے سوچتے اپنی سیاسی عمر پوری کر جائیں گے۔ ووٹ بٹورنے کیلئے طرح طرح کے بہانے کر رہے ہیں۔

دریں اثناء ہجیرہ ٹائون میں مسلم کانفرنسی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن سردار محمد رشید خان، سردار سیر محمد خان، مرزا خالق ، مرزا عرفان، مرزا عامر، سردار محمد جاوید نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ صدر مسلم لیگ ن و وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔