Live Updates

موجودہ حکومت کے خلاف کسی تحریک کی ضرورت نہیںسلیکٹیڈ حکومت جلد اپنے انجام کو پہنچے گی،احسن اقبال

پاکستان کی ترقی و خوشحالی جمہوریت کے ذریعے ہی ممکن ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن تھا، ورکرزکنونش سے خطاب

جمعرات 22 نومبر 2018 23:41

موجودہ حکومت کے خلاف کسی تحریک کی ضرورت نہیںسلیکٹیڈ حکومت جلد اپنے ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر و سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی جمہوریت کے ذریعے ہی ممکن ہے، موجودہ حکومت کے خلاف کسی تحریک کی ضرورت نہیںسلیکٹیڈ حکومت جلد اپنے انجام کو پہنچے گی، مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن تھا۔

وہ حیدرآباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر پارٹی کے صوبائی صدر سید شاہ محمد شاہ، صوبائی سیکریٹری سلیم ضیاء ایڈوکیٹ، سابق گورنر سندھ محمد زبیر، ایم این اے کھئیلداس کوہستانی، حیدرآباد ڈویژن کے صدر شاہ زمان شاہ، انور سومرو، چوہدری طارق محمود، عرفان بھگیو ایڈوکیٹ، قمر زمان راجپر، میر امان اللہ تالپور، سورٹھ تھیبو، رمیش گپتا ایڈوکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر صاحبزادہ شبیر حسن انصاری، حنیف صدیقی، خالد عزیز آرائیں، آصفہ ریاض اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قومی عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری انور سومرو نے اپنے ساتھیوں سمیت قومی عوامی تحریک سے علیحدگی اور مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا بھی اعلان کیا۔ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 2013ء میں جب ہمیں حکومت ملی اس وقت ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا، بدامنی اور دہشت گردی عروج پر تھی، غیرملکی سرمایہ کار اور سیاح بھی پاکستان کا رخ کرنے کو تیار نہیں تھے، ترقی کا پہیہ رک چکا تھا، قوم مایوسی کی دلدل میں گری ہوئی تھی، انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے حکومت میں آ کر میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو مایوسی اور اندھیروں سے نکالا، بجلی کے نئے منصوبے شروع کئے گئے، 2013ء میں صرف 3 ہزار میگاواٹ بجلی بن سکتی تھی ہم نے اپنے 5 سالہ دور میں 12 ہزار میگاواٹ بجلی کے نئے پروجیکٹ شروع کئے، انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے اپنے دورہ حکومت میں بند صنعتوں کو چلایا، معیشت کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا، ہمارے دور میں شرح نمو 5 فیصد سالانہ سے بڑھ گئی تھی، ہمارے دور میں سی پیک کا دائرہ وسیع کیا گیا، بلوچستان جو عملاً قومی دھارے سے کٹ چکا تھا اور اکبر بگٹی کے قتل کے بعد علیحدگی کی تحریکیں عروج پر تھیں ہم نے بلوچوں کے زخموں پر مرہم رکھا اور انہیں قومی دھارے میں شامل کیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں سندھ اور خصوصاً کراچی میں بدامنی پر قابو پایا، قبائلی علاقوں میں آپریشن کرکے ملک دشمن عناصر کی کمر توڑ دی، ملکی ڈوبتی معیشت کو سہارا دیا، انہوں نے کہا کہ تاریخ شاید ہے کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی ہے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے، پاکستان میں اس وقت موٹرویز کی صورت میں انقلاب آیا ہے، 2350 کلو میٹر طویل موٹروے مسلم لیگ کی حکومت کا کارنامہ ہے لیکن چند عناصر کو ترقی کا یہ سفر پسند نہیں، ان قوتوں نے ہر دور میں ہماری حکومتوں پر شب خون مارا ہے، انہوں نے کہا کہ 1998ء میں بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پوری دنیا کے دبائو کے باوجود میاں نوازشریف نے پاکستان کے عظیم قومی مفاد میں 6 ایٹمی دھماکے کرکے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور پوری دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ریاست ہے جو اپنے قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرتی ہے، مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں موجودہ حکومت کے خلاف کوئی تحریک چلانے کی ضرورت نہیں ہے یہ اپنے اقدامات کے نتیجے میں جلد ہی اپنے انجام کو پہنچ جائے گی، کارکن قیادت پر اعتماد رکھیں اور متحد رہیں،و ہ دن دور نہیں جب ان کے محبوب قائد عوام کی تائید سے ایک مرتبہ پھر ایوان اقتدار میں ہوں گے۔

مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ جمہوری اور نظریاتی سیاست کی ہے، ہم آمر کے ہاتھوں بھٹو کی پھانسی کے خلاف بھی سڑکوں پر نکلے تھے اور ایم آر ڈی کی تحریک چلائی تھی اور آج بھی میاں محمد نوازشریف کو عوام سے جدا کرنے کی سازش کے خلاف میدان میں ہیں، مارشل لاء فوجی ہو سول یا جوڈیشل ہمیں قبول نہیں، انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کے خلاف اقدامات ملک و قوم کے خلاف سازش ہیں، مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکریٹری سلیم ضیاء ایڈوکیٹ نے کہا کہ ملک کی ترقی اور نوازشریف میں چولی دامن کا ساتھ ہے، عمران خان بیرون ملک اپوزیشن پر الزام تراشی کرکے ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ آج کراچی میں جو امن ہے سندھ میں جو ڈاکو کلچر کا خاتمہ ہے وہ سندھ کے عوام اور کراچی کے باسیوں کے لئے نوازشریف کا تحفہ ہے، بعدازاں احسن اقبال اور دیگر مہمانوں کو سندھ کے روایتی اجرک اور ٹوپی کے تحائف پیش کئے گئے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات