مقبوضہ کشمیر، بڑھتی بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف سرینگر حیدر پورہ میں مظاہرہ

بھارت نے کشمیریوں کو اپنی فورسز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، نوآبادیاتی طرز کے ظلم و جبر کیخلاف آواز بلند کرنے پر طاقت کا بے تحاشا استعمال کر کے کسی بھی شخص کو عذاب وعتاب میں مبتلا کردیا جاتا ہے ،حریت رہنماء

ہفتہ 15 دسمبر 2018 13:21

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوںاور کارکنوں نے مقبوضہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف سرینگر کے علاقے حیدرپورہ میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مظاہرے میں حریت رہنمائوں اور کارکنوں مولوی بشیر عرفانی، بلال احمد صدیقی، سید بشیر احمد اندرابی، محمد یوسف نقاش، خواجہ فردوس وانی، محمد یٰسین عطائی، محمد مقبول ماگہامی، ارشد عزیز، سید امتیاز حیدر، امتیاز احمد شاہ، سید محمد شفیع، مبشر احمد بٹ، ظہور احمد بیگ اور عاشق حسین صوفی کے علاوہ عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی ۔

حریت ہنمائوں نے اس موقع پر اپنی تقاریرمیں کہا کہ بھارت کی قابض فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے اطراف واکناف خاص طو پر جنوبی کشمیر کے اضلاع میں قتل وغارت ، محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران جنس و عمر کا لحاظ کیے بغیر شہریوں کو مار پیٹ کا نشانہ بنانے ، پیلٹ مار کو لوگوں خاص طور پر نوجوانوں کو بصارت سے محروم کرنے ، گھروں ، پھلوں کے باغات اور دیگر املاک کو تباہ کرنے اور آزادی پسند رہنمائوں، کارکنوں اور عام نوجوانوں کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار اور ان پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جبر و استبداد کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو بھارتی فورسز کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس نوآبادیاتی طرز کے ظلم و جبر کے خلاف جب کوئی بھی شخص اپنی آواز بلند کرتا ہے تو طاقت کا بے تحاشا استعمال کرکے اسے عذاب و عتاب میں مبتلا کیا جاتا ہے۔ انہوں نے آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کی مختلف جیلوں میں مسلسل غیر قانونی نظر بند ی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے بھارتی دعوے سراسر ڈھونگ ثابت ہو رہے ہیں۔

حریت رہنمائوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں خاص طور پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ایشیا واچ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت روکنے کیلئے کردار ادا کریں۔