Live Updates

امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات پر وزیراعظم کا پیغام

دعا ہے کہ طالبان امریکہ مذاکرات کے نتیجے میں افغانستان میں امن قائم ہو۔ وزیراعظم عمران خان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 18 دسمبر 2018 10:57

امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات پر وزیراعظم کا پیغام
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 دسمبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے طالبان اور امریکا کے درمیان ابو ظہبی میں مذاکرات میں مدد کی انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ مذاکرات کے نتیجے میں افغانستان میں امن قائم ہو۔وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے ٹوئٹر سے جاری ایک پیغام میں کہ پاکستان نے امریکہ اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات میں مدد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امن عمل آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتا رہے گا،دعا ہے کہ مذاکرات سے افغان عوام کی تین دہائیوں سے جاری مشکلات ختم ہوں۔

(جاری ہے)

واضح رہے متحدہ عرب امارات میں افغان طالبان اور امریکی حکام کے درمیان مذاکراتی عمل کا آغاز کل سے ہوا.

عباس استنکزئی کی سربراہی میں افغان طالبان کا وفد اور امریکی حکام افغان امن مذاکرات کے لیے دبئی پہنچے جہاں فریقین کے درمیان 17 سال سے جاری افغان جنگ کے خاتمے کے لیے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا. افغان طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دبئی میں ہونے والے مذاکرات میں سعودی عرب،پاکستان اور متحدہ عرب ا مارات کے حکام نے بھی حصہ لیا‘ قبل ازیں طالبان حکام اور امریکا کے خصوصی نمائندے برائے امن زلمے خلیل زاد کے درمیان قطر میں مذاکرات کے دو ادوار ہوچکے ہیں.

دبئی میں امن مذاکرات طویل سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے جس میں امریکا نے کلیدی کردار ادا کیا ہے. افغان طالبان نے بیرونی طاقتوں کی مدد سے الیکشن میں کامیاب ہونے والی موجودہ حکومت کو غیر آئینی حکومت قرار دیتے ہوئے کابل انتظامیہ سے مذاکرات کرنے سے انکار کردیا تھا. وزارت خارجہ پاکستان کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے امن مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا ہے کہ عالمی برادری اور دیگر متعلقہ ممالک کے ساتھ پاکستان بھی افغانستان میں دیرپا امن کا خواہاں ہے‘ امن مذاکرات سے افغانستان اور خطے میں امن کی فضا سازگار ہوگی.افغانستان میں امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں پاکستانی حکومت کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی نمائندے زلمے خلیل زادتمام فریقین سے ملے ہیں اور مزید ملاقاتیں کریں گے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات