ْپلوامہ میں نہتے شہریوں کی شہادت سے کشمیریوں کی نسل کشی کا بھارتی منصوبہ بے نقاب ہوگیا ہے

اقوام عالم اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھارت کی ریاستی دہشت گردی روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں ،جماعت اسلامی

منگل 18 دسمبر 2018 16:18

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی نے کہاہے کہ پلوامہ میں بھارتی فورسزکے ہاتھوں نہتے شہریوں کی شہادت سے کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کا بھارتی حکومت کا سفاکانہ منصوبہ بے نقاب ہوگیا ہے ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ پلوامہ کے قتل عام سے بھارتی فورسز کا بھیانک چہرہ عیاں ہوگیاہے ۔

انہوں نے افسوس کا اظہارکیا کہ انسانی حقوق کی علمبرداری کا دعویٰ کرنے والے اداروں کی خاموشی سے ظاہر ہوتاہے کہ انہیں کشمیری مسلمانوں کے قتل عام پر کوئی تشویش یا افسوس نہیں ہے ۔انہوں نے اقوام عالم اور انسانی حقوق کی علمبردار عالمی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر میں جاری بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں اور اس میں ملوث بھارتی فوجی اہلکاروں کو عالمی عدالت میں کھڑ اکرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بھارتی حکمرانوں کو خبردارکیا کہ وادی میںجاری فرعونی پالیسی کا انجام فرعونوں کی تباہی و بربادی پر ہی منتج ہوگا۔انہوں نے سرنو پلوامہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں ظہور احمد،محمد طاہر ، محمد ہاشم، شہباز علی ، سہیل احمد، لیاقت احمد ڈار ، عامر احمد پال ، عابد حسین لون ، مرتضیٰ احمد، تنویر احمد اور اشفاق احمدکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اورواقعے میں زخمی ہونے والے فراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔