اراضی اسکینڈل، نیب نے وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ کو(آج) طلب کرلیا

سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ جمعہ کو نیب کراچی میں پیش ہونگے، قومی احتساب بیورو کی طرف سے چاروں صوبوں میں اہم شخصیات کیخلاف تحقیقات جاری

جمعرات 3 جنوری 2019 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2019ء) ملیر ریور اراضی کیس میں نیب نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کوآج(جمعہ) طلب کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق مرادعلی شاہ کو ملیر ریور اراضی کیس میں طلب کیا گیا ہے، جبکہ سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ بھی جمعہ کو نیب کراچی میں پیش ہوں گے۔ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں زمین کے گھپلوں سے متعلق نیب تفتیش کررہی ہے اور اس سلسلے میں سابق وزیراعلی سندھ کو پوچھ گچھ کیلئے 2 نومبر کو بھی طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو کی طرف سے چاروں صوبوں میں اہم شخصیات کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، نیب کی فہرست میں مجموعی طور پر71شخصیات کے نام شامل ہیں۔نیب کی فہرست میں پاکستان پیپلز پارٹی سے وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، ڈاکٹر عاصم حسین، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، سہیل انور سیال، جام خان شورو، اعجاز جکھرانی، لیاقت جتوئی، صدیق میمن تیمور تالپور، منظور وسان کے نام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 24 دسمبر کو سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کی تھی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب نے 18 دسمبر کو کال اپ نوٹس بھیجا ہے، ملیر ندی کی اراضی کی الاٹمنٹ کرنے کے بعد منسوخ بھی کردی تھی۔