راولپنڈی، اسلام آباد،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

جمعرات 10 جنوری 2019 19:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2019ء) راولپنڈی، اسلام آباد سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) جمعہ اور ہفتہ کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، سرگودہا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ڈی آئی خان، بنوں، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال اور سکھر ڈویژن میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، اس دوران مالاکنڈ ڈویژن (سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، اپردیر)، ہزارہ ڈویژن، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں برف باری ہو گی جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند میں کمی کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

کراچی سمیت سندھ، مکران کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر ہلکی بارش/بوندا باندی کی توقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا تاہم کوہاٹ، پشاور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں ایک یا دو مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہوئی۔ پارا چنار 04، بگروٹ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جمعرات کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت سکردو،کالام منفی 09، گوپس، استور، بگروٹ منفی 08، ہنزہ منفی 07، گلگت، مالم جبہ، دیر منفی 04، راولاکوٹ منفی 03، مری منفی 02، پارا چنار، کوئٹہ، میرکھانی، کامرہ اور دروش میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔