مقبوضہ کشمیر ، تنازعہ کشمیر کے حل میں بنیادی رکاوٹ بھارت کی ہٹ دھرمی ہے،چیئر مین اسلامک پولیٹیکل پارٹی

کشمیر کا مسئلہ خالصتاًً ایک انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے جسے تینوں فریقین باہم مل بیٹھ کر ہی حل کرسکتے ہیں ،بیان

بدھ 16 جنوری 2019 18:11

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) مقبوضہ کشمیر میںا سلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے تنازع کشمیر کے سیاسی و تاریخی پس منظر میں ایک منصفانہ حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کے حل میں بنیادی رکاوٹ بھارت کی ہٹ دھرمی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیر کا مسئلہ خالصتاًً ایک انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے جسے تینوں فریقین باہم مل بیٹھ کر ہی حل کرسکتے ہیں ۔

انھوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں تعطل کو جنوبی ایشاء میں سیاسی بے چینی اور عدم استحکام کی ایک بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دیرینہ تنازعہ کی وجہ سے کشمیریو ں کو قتل و غارت اور تباہی کا مسلسل سامنا ہے۔

(جاری ہے)

محمد یوسف نقاش نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی نے اس مسئلے میں پیچیدگیاں پیدا کرکے اس خطے کے عوام کو اضطراب میں مبتلا کر رکھا ہے ۔

انہوں نے مقبوضہ علاقے میں قتل غارت اور بلا جواز اور غیر قانونی گرفتاریوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر صورت حال تبدیل نہ کی گئی تو حالات کسی بھی وقت بھیانک رُخ اختیار کرسکتے ہیں۔دریں اثنا جموںوکشمیر سالویشن موئومنٹ نے ممتاز مجاہد کمانڈر شہید غلام رسول ڈار کو انکی شہادت پر پندرھویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہداء کے مقدس مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

انہوںکہا کہ شہید غلام رسول ڈار ساری زندگی کشمیریوں کے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے جدوجد کر تے رہے اور اس حوالے سے انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے حریت رہنمائوں غلام محمد خان سوپوری اور مشتاق الاسلام کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیری آزادی پسند رہنمائوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں عبدالصمد انقلابی نے بھی ایک بیان میں شہید غلام رسول ڈار کو انکے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔شمالی کشمیرکے میر واعظ اور جامع مسجد کنزر ٹنگمرگ کے خطیب مولاناپرے حسن فردوسی نے بھی ایک بیان میں شہید غلام رسول کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کا تحریک آزادی میں کردار کو ہرگز فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

انہوںنے کہا کہ شہید ایک نیک سیرت اور مخلص انسان تھے ۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اورحریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر سید عبداللہ گیلانی نے علیل حریت رہنما سید بشیر اندرابی کی فوری صحتیابی کی دعا کی ہے ۔پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حال ہی میں شہید ہونے والے نوجوان زینت الاسلام کے اہلخانہ کیساتھ اظہاریکجہتی کیلئے سوگام شوپیاںمیں انکے گھر گئے۔