Live Updates

10سال سے سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، سندھ کے حالات بہتر نہیں ابتر ہوئے ہیں،شاہ محمودقریشی

سندھ سے میرا رشتہ پونے آٹھ سوسال سے ہے، میری سیاسی آنکھ سندھ میں بہت بڑی تبدیلی دیکھ رہی ہے ،وزیرخارجہ جو وفاق کی جماعت تھی وہ اب اندرونِ سندھ تک محدود ہوگئی ہے، پیپلزپارٹی کی تنزلی کی وجہ سندھ کے عوام جانتے ہیں، گھوٹکی میں جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 30 مارچ 2019 16:48

10سال سے سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، سندھ کے حالات بہتر نہیں ابتر ..
گھوٹکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ گزشتہ 10 سال سے سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، گزشتہ 10 سال سے ہی سندھ کے حالات ابتر ہوئے ہیں، جو وفاق کی جماعت تھی وہ اب اندرونِ سندھ تک محدود ہوگئی ہے، پیپلزپارٹی کی تنزلی کی وجہ سندھ کے عوام جانتے ہیں،سندھ سے میرا رشتہ پونے آٹھ سوسال سے ہے، میری سیاسی آنکھ سندھ میں بہت بڑی تبدیلی دیکھ رہی ہے۔

گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہا کہ آج ہمارے ساتھ ذوالفقار مرزا، صفدر عباسی اور دیگر لوگ بیٹھے ہیں، گھوٹکی پنجاب اورسندھ کوجوڑتا ہے، میں نے جب پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا تو پہلے جلسے کے لیے گھوٹکی کا انتخاب کیا تھا۔وفاقی وزیرخارجہ نے کہاکہ جووفاق کے نمائندہ تھے، وہ وفاق کی نمائندگی نہیں کر رہے، جو وفاق کی علامت تھے، وہ بلوچستان میں ہیں نہ خیبرپختون خوا میںہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو وفاق کی علامت تھے وہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بھی نظر نہیں آتے، جو وفاق کی جماعت تھی وہ اب اندرونِ سندھ تک محدود ہو گئی ہے جبکہ پی ٹی آئی کی سوچ وفاق کی ہے اوروفاق کی علامت بنے گی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان کا ساتھ دے کر ملک میں تبدیلی لانی ہے اور نیا پاکستان بنانا ہے، جب پی ٹی آئی میں آنے کا فیصلہ کیا تومجھے کہا گیا کہ یہ فیصلہ میری سیاسی خودکشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی آ گئی ہے، تبدیلی کی ہوا خیبرپختون خوا سے چلی اور پنجاب میں داخل ہوئی، پنجاب میں لوگوں نے نون لیگ کو اکھڑتے ہوئے دیکھا۔شاہ محمود قریشی نے سوال کیا کہ کیا خیبر پختون خوا میں اے این پی اور جے یوآئی(ف)کا وجود نظر آ رہا ہی خیبرپختون خوا کے عوام تبدیلی لاسکتے ہیں توسندھ کے عوام کیوں نہیں لاسکتی ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ سے میرا رشتہ پونے آٹھ سوسال سے ہے، میری سیاسی آنکھ سندھ میں بہت بڑی تبدیلی دیکھ رہی ہے، پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت بنانے کی اہلیت سے محروم ہو چکی ہے۔ صوبے کے مرکزی شہر کراچی میں بھی پی پی ختم ہوگئی ہے، دس سال سے سندھ میں پی پی کی حکومت ہے، اگر مسلسل اعتماد کے باوجود بھی آپ کو اپنا مستقبل تاریک دکھائی دیتا تو آج فیصلے کا دن ہے، آپ نے اپنا مستقبل کس کے ہاتھ میں دینا ہے۔

انہوںنے کہا کہ میں گھوٹکی میں بہت بڑی تبدیلی دیکھ رہا ہوں،کمر باندھو اور عمران خان کا ساتھ دو، ہم نے ماضی کی غلطی کو نہیں دہرانا۔سندھ میں اگلے جنرل الیکشن میں سندھ میں پی ٹی آئی اور اس کے اتحادیوں کی حکومت دیکھ رہا ہوں، گھوٹکی سے جب تبدیلی کی آواز بلند ہوگی تو پورے سندھ کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات