کشمیر کی آزادی کے لیے دنیا کے ہر ایوان میں جائیں گے اور دنیا کی ہر قوت سے مدد مانگیں گے‘

آزادی کے لیے بر سر پیکار مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کو یہ پیغام دینے کی ضرورت ہے کہ ہم چھوٹے چھوٹے اختلافات کے باوجود کشمیر کی آزادی کے نقطہ پر متحد اور ایک ہیں‘ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا بڑے عوامی اجتماع سے خطاب

پیر 15 اپریل 2019 18:58

راولاکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2019ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے دنیا کے ہر ایوان میں جائیں گے اور دنیا کی ہر قوت سے مدد مانگیں گے‘ آزاد کشمیر میں اتحاد و اتفاق کی فضا قائم کر کے آزادی کے لیے بر سر پیکار مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کو یہ پیغام دینے کی ضرورت ہے کہ ہم چھوٹے چھوٹے اختلافات کے باوجود کشمیر کی آزادی کے نقطہ پر متحد اور ایک ہیںاگر ہم نے اتحاد و اتفاق کی فضا قائم نہ کی توآزادی کی منزل دور ہونے کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کا ہدف حاصل کرنے میں بھی مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ انٹر کالج داتوٹ کے وسیع گرائونڈ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جلسہ کا اہتمام مسلم لیگ (ن) نے دیگر سیاسی جماعتوں کے تعاون سے کیا تھا ۔ جلسہ عام سے مسلم لیگ (ن) حلقہ چار کے صدر سردار عاشق، سردار ساجد خورشید ، ابرار حقانی، وقاص عاشق و دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی انشاء اللہ ضرور کامیاب ہو گی لیکن اس کے لیے بنیادی شرط یہ ہے کہ تحریک آزادی کے کیمپ میں تمام سیاسی قوتوں کے درمیان مکمل اتحاد و یکجہتی کی فضا قائم ہو اور تحریک آزادی ہماری دوسری تمام ترجیحات میں سر فہرست ہو ۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیںکہ مسئلہ کشمیر کے قابل عمل اور دیرپا حل کے لیے بھارت ، پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے درمیان مذاکرات ہونے چاہیے کیونکہ مسئلہ کشمیر کے دو نہیں تین فریق ہیں اور کشمیری عوام اس تنازعہ کے بنیادی فریق ہیں جن کی مرضی و منشا کے بغیر مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نہیںڈھونڈا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کا یہ عزم ہے کہ تحریک آزادی کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کے تعمیر و ترقی ، گڈ گورننس کا قیا م اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنا کر ریاست کے عوام کو با اختیار بنایا جائے گا۔

آزاد کشمیر کے معاشی اہداف میں ریاست میں سیاحت کی ترقی سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے اور اس مقصد کے لیے حکومت ایک جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ اور اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں پر تھوڑی سے توجہ دے کر انہیں سیاحوں کی جنت میں بدلا جا سکتا ہے اس کے لیے بھرپور کوششیں ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے عوام علاقہ کو یقین دلایا کہ بیروٹہ داتوٹ روڈ کی پختگی سمیت تمام دیگر عوامی مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔

قبل ازیں صدر آزاد کشمیر جب داتوٹ پہنچے تو سابق سپیکر قانون ساز اسمبلی سردار سیاب خالد ، ممبر کشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصی ، سردار طاہر اکرم ، سردار ریاض روشن ، سردار آزاد خان ، سردار محمد علی ، کرنل (ر) وحید مظفر ، سردار پرویز یعقوب ، سردار توصیف عزیز ، سردار سعید عزیز ، سرداراعجاز نسیم ، وقاص عاشق ، عرفان آزاد ، سابق چیئرمین بلدیہ تھوراڑ سردار الطاف ، وجیح السلام ، بلال انجم اور وسیم عاشق سمیت بڑی علاقے کے عوام کی بڑی تعداد نے اُن کا بھرپور استقبال کیا ۔ جبکہ مقامی سکول کے بچوں کے ایک دستے نے صدر گرامی کو سلامی پیش کی ۔