مقبوضہ کشمیر ،جاوید میر کی یاسین ملک ، شبیر شاہ اور آسیہ اندرابی کی غیر قانونی نظربندی کے دوران گرتی ہوئی صحت پراظہار تشویش

جمہوریت اور امن کے نام پربھارت کی اسرائیلی پالیسی بے نقاب ہو گئی،تمام مظالم پر عالمی برداری کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے ،حریت رہنما

جمعہ 19 اپریل 2019 17:23

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) مقبوضہ کشمیر میںحریت رہنماء جاوید احمد میر نے غیر قانونی طورپرنظربند حریت رہنمائوں محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ اور آسیہ اندرابی کی جیل میں گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جاوید احمد میر نے سرینگر میں ایک تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے افسوس ظاہرکیاکہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ ، آسیہ اندرابی اور دیگر حریت رہنمائوںکو جھوٹے اور بے بنیاد الزامات میں مسلسل غیر قانونی طورپر نظر کر رکھا ہے جبکہ دوسری طرف حریت رہنمائوںکے اہلخانہ اور رشتہ دار خواتین کو نام نہاد پوچھ گچھ کے نام پر طلب کیا جارہا ہے ۔

جاوید احمد میر نے کہاکہ حریت قیادت نے ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کی حمایت کی ہے تاہم بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں کے دوران اس دیرینہ تنازعے کو اپنے سیاسی مفادات کیلئے استعمال کیا ہے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جمہوریت اور امن کے نام پربھارت کی اسرائیلی پالیسی بے نقاب ہو گئی۔ حریت رہنماء نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں لاکھوںکی تعداد میں تعینات بھارتی فورسز کو نہتے کشمیری عوام پر ظلم و تشدد اور قتل عام کی کھلی چھوٹ دیکر کشمیریوںکے حقوق سلب کرنئے کی کوششیں جاری ہیں۔

انہوںنے کہاکہ بھارت مقبوضہ علاقے میں جمہوریت کا ڈھنڈورہ پیٹ کر کشمیری عوام کو بدترین ظلم و بربریت کا شکار بنا رہا ہے۔انہوںنے ان تمام مظالم پر عالمی برداری کی مجرمانہ خاموشی کو افسوسناک قراردیا۔انہوںنے غیر قانونی نظربند ی کے دوران محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ اور آسیہ اندرابی کی گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش ظاہر کی ۔