جموں و کشمیر ناقابل تقسیم وحدت ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر

جمعرات 23 مئی 2019 17:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کم نہ کئے تو منحوس خونی لکیر توڑنے پر غور کر سکتے ہیں، میرواعظ محمد یوسف شاہ تاریخ ساز شخصیت تھے، جموں و کشمیر ناقابل تقسیم وحدت ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر نے بے شمار سیاسی اور مذہبی شخصیات پیدا کیں، کشمیری قوم جس پامردی اور جرأت سے بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی، اپنے اکابرین کو یاد رکھنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں جو کشمیری عوام کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے، افواج پاکستان کی مسئلہ کشمیر سے کمٹمنٹ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے 60 لاکھ افراد اور پاکستان کے 21 کروڑ سے زائد عوام تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرواعظ یوسف مذہبی شخصیت تھے مگر انہوں نے کشمیریوں کی سیاسی رہنمائی بھی کی، ہمیں اپنی تاریخ کو محفوظ بنانا ہے۔