معاشی و دفاعی اور سیاسی لحاظ سے مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کا ضامن ہو سکتا ہے، عامر الطاف

منگل 28 مئی 2019 20:11

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2019ء) ڈپٹی سپیکر سردار عامر الطاف کی زیر صدارت ہونے والے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں ممبران اسمبلی کی جانب سے پیش کردہ قراردادوں پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ معاشی و دفاعی اور سیاسی لحاظ سے مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کا ضامن ہو سکتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہبیرونی دبائو کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا گیا ۔سینئر وزیر نے کہاکہ ہندوستان نے کبھی پاکستان کو تسلیم نہیں کیا ۔بھارت ایک مکار دشمن ہے ۔ ہم نے بھارت کا مقابلہ کر نا ہے ۔ ہندوستان اور پاکستان کے مذاکرات کوہمیشہ کشمیریوں نے سپورٹ کیا ہے لیکن کشمیریوں کی موجودگی کے بغیر کوئی بھی مستقل حل ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عالمی برادری اورحکومت پاکستان سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ مودی کے جارحانہ رو یے کو روکیں گے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ہندوستان کی سات لاکھ افواج مقبوضہ کشمیر میں و ظلم و ستم و بربریت کی انتہاء کررہی ہے ۔ بھارت زیادہ دیر تک طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی آزادی کو نہیں دبا سکتا۔

انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کی موجودہ حکومت وزیرا عظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی قیادت میں تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ قراردادوں پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر صنعت و ترقی نسواں محترمہ نورین عارف نے کہاکہ آج کے روز بیرونی طاقتوں کے دبائوکو خاطر میں لائے بغیر ایٹمی دھماکے کر کے ہمارے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا گیا۔کشمیر ی پاکستان کو اپنی امیدوں اور امنگوں کا مرکز سمجھتے ہیں اور وہ اپنی منزل کے حصول کیلئے سات دھائیوں سے قربانیوں کی تاریخ رقم کررہے ہیں ۔