کشمیریوں کی آواز کو عالمی فورمز پر اجا گرکرنے کے لئے نئی حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، راجہ محمد فاروق حیدر خان

پاکستان ہمار مظبوط وکیل ہے اس کی سلامتی و بقا کے لئے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، وزیراعظم آزااد کشمیر

جمعہ 31 مئی 2019 19:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2019ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموںو کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی آواز کو عالمی فورمز پر اجا گرکرنے کے لئے نئی حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، پاکستان ہمار مظبوط وکیل ہے اس کی سلامتی و بقا کے لئے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، کشمیر ی عوام مسئلہ کشمیر کے اصل اور بنیادی فریق ہیں جن کی بات کو دنیا زیادہ توجہ سے سنتی ہے اس لئے کشمیر کی سیاسی اور حریت قیادت کو یکجا اور منظم ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

بیرون ممالک کشمیریوں کا تحریک آزاد ی کشمیر میں بڑا اہم رول ہے اسے زیادہ فعال بنانے کی ضرورت ہے، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت کی بنیادی ترجیحات میں مسئلہ کشمیر سرفرہست ہے۔

(جاری ہے)

وہ یہاں کشمیر ی امریکن کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سید غلام نبی فائی کی قیادت میں امریکہ سے معروف کشمیری رہنما اور سابق سفیر یوسف بچھ مرحوم کی میت کے ساتھ آنے والے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔

وفد میں سابق ممبر کشمیر کونسل سردار سوار خان، یوسف بچ مرحوم کے بھانجے اختر بچھ اور بھتیجی شامل تھے جبکہ ملاقات کے دوران معروف دانشور، سکالر ارشاد محمود، پروفیسر ڈاکٹر ولید رسول، ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی، پریس سیکرٹری برائے وزیر اعظم راجہ وسیم خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد کے اراکین نے افطار وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ساتھ کیا اور وزیر اعظم کی طرف سے یوسف بچھ مرحوم کی قومی اعزاز کے ساتھ تدفین پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یوسف بچھ مرحوم کا شمار ان عظیم رہنماؤن میں ہوتا ہے جنہیں تحریک آزادی کشمیر پر مکمل عبور حاصل تھا اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجا گر کرنے میں ان کا بہت بڑا کردار تھا۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں نے بے پناہ قربانیاں دیکر آج تحریک کو فیصلہ کن مراحل میں داخل کر دیا ہے ایسے موقع پر ہمیں بڑی احتیاط اور نئی حکمت عملی سے جہدو جہد آزادی کو منظم کرکے دنیا میں یہ بات واضح کرنا ہو گی کہ کشمیری عوام جو مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں وہ اپنے اس حق خودارادیت کے لئے ہندوستانی جبر و استبداد کے سامنے کھڑے ہیں جسے ہندوستان نے خود اقوام متحدہ کے فورم پر تسلیم کر رکھا ہے اس مقصد کیلئے کشمیری قیادت اور حریت رہنماؤں کو عالمی فورمز پر بھجنا ہو گا کیونکہ دنیا مسئلے کے اصل فریق کی بات کو زیادہ توجہ سے سنتی ہے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ پاکستان ہمارا مظبوط وکیل ہے، کشمیری عوام پاکستان کو ہی اپنی منزل سمجھتے ہیں جس کے لئے وہ قربانیان دے رہے ہیں۔پاکستان کے اندرونی حالات اور خلفشار دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کے اندر مکمل سیاسی و قومی یکجتی ہونی چاہے اور پاکستان کی حکومت اور سیاستدانوں کو مسئلہ کشمیر پر ایک قومی پالیسی کے تحت دنیا کے اندر سفارتی سطح پر اسے اجاگر کرنا چاہے۔

کشمیری امریکن کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سید غلام نبی فائی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں امریکہ کے دورے کی دعوت بھی دی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ آزاد کشمیر کی تمام سیاسی قیادت متحد ہو کر دنیا بھر کے اندر جائے اور اپنی آواز کو موثر انداز میں عالمی سطح کے ہر فورم پر اٹھائے۔