Live Updates

پی ٹی آئی حکومت ملک میں مہنگائی کاطوفان لے کر آئی ہے

صرف ایک شخص کے فیصلوں کا خمیازہ سارے ملک کو بھگتنا پڑ رہا ہے،مریم نواز

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 18 جون 2019 07:02

پی ٹی آئی حکومت ملک میں مہنگائی کاطوفان لے کر آئی ہے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون2019ء) اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی بڑھ رہی ہے اور یہ بات حکومتی ارکان بھی تسلیم کرتے ہیں مگر وزیراعظم عمران خان اپنے خطاب میںہمیشہ قوم کو صبر کرنے اور انتظار کرنے کا کہتے چلے آ رہے ہیں۔قوم تو ملک کے وزیراعظم کی بات مان کر خاموش ہے مگر اپوزیشن خاموش نہیں ہے۔ن لیگ ہو یا پیپلز پارٹی ،جماعت اسلامی ہو یا پھر مولانا فضل الرحمٰن کوئی بھی سیاسی جماعت یا راہنما عمران خان کی پالیسیوں کو درست قرار دیتا نظر نہیںآتا۔

حالیہ بجٹ کے حوالے سے بھی حکومت پر شدید تنقید کی جا رہی ہے اور اپوزیشن ارکان ابھی تک یہ راگ الاپتے نظر آتے ہیں کہ ایوان میں یہ بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے کیونکہ یہ پاکستان کا نہیں آئی ایم ایف کا بجٹ ہے اور یہ عوام دشمن ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ دنوں مریم اوربلاول بھٹو کی ملاقات ہوئی جس میں حکومت کے خلاف لائحہ عمل تیار کرنے کے معاہدے بھی ہوئے اور دوسری طرف مولانا فضل الرحمٰن نے بھی شہباز شریف سے ملاقات کی اور حکومت کے خلاف مزاحمتی تحریک چلانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

تاہم اپوزیشن کا الائنس تو کافی عرصے سے بن رہا ہے مگر اب تک کسی قسم کی واضح پالیسی اور احتجاج ہوتا نظر نہیں آتا۔بلاول بھٹو ہوں یا مریم نواز عمران خان پر بڑھ چڑھ کرتنقید کرتے اور آڑے ہاتھوں لیتے نظر آتے ہیں۔گزشتہ روز مریم نواز نے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ ٹویٹر پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ موجودہ حکومت نے عوام کا جینا محال کر دیا۔

اس قدر مہنگائی ہے کہ غریب طبقہ پس کر رہ گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک ملک اور اسکی عوام ایک شخص کے ذاتی عزائم کی قیمت ادا کر رہے ہیں، اس سے پہلے ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور بڑھتی مہنگائی پاکستان میں کبھی نہیں دیکھی۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بڑھتی ہوئی مہنگائی سے متعلق خبروں پر اپنے ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اور اسکی عوام ایک شخص کے ذاتی عزائم کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔موجودہ حکومت ملک میں مہنگائیکا طوفان لے کر آئی ہے اور ایک شخص کے غلط فیصلوں کا خمیازہ سارے ملک کے عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات