Live Updates

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں آج پھر حکومت اور اپوزیشن اپنی”طاقت“کا مظاہرہ کریں گی

نومولود سیاستدان سیاسی بلوغت سے عاری ہیں، اپوزیشن بجٹ سنے اور پڑھے بغیر اسے عوام دشمن قراردے رہی ہے. ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 18 جون 2019 14:25

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں آج پھر حکومت اور اپوزیشن اپنی”طاقت“کا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 جون۔2019ء) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں آج بجٹ پر بحث جاری رہے گی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے آج بھی ہنگامہ آرائی کا امکان ہے‘ قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 4 بجے ہوگا، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اجلاس کی صدارت کریں گے. قومی اسمبلی اجلاس کا 3نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا، آج کے اجلاس میں بجٹ 20-2019پر بحث شروع ہوگی.

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی طرف سے آج پھر ایوان میں ہنگامہ آرائی کا امکان ہے جبکہ حکومت کی جانب سے ہیش کئے گئے ،بجٹ پر اپوزیشن کی سخت تنقید متوقع ہے. پیپلز پارٹی ایک مرتبہ پھر آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈرز کے اجرا کا مطالبہ کرے گی‘ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کی طرح آج بھی حکومتی اراکین کی جانب سے بھی اپوزیشن ارکان کی تقاریر کے دوران نعرے بازی کا امکان ہے.

دوسری جانب سینٹ اجلاس آج سہ پہر ساڑھے 4بجے ہوگا،چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اجلاس کی صدارت کریں گے‘اجلاس کیلئے مختصر ترین دو نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا، سینٹ اجلاس میں بھی بجٹ پر بحث کی جائے گی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے احتجاج بھی متوقع ہے. ادھروزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ اپوزیشن نے نہ تو بجٹ سنا اور نہ ہی پڑھا، اپوزیشن ارکان کس بنیاد پربجٹ کوعوام دشمن قرار دے رہے ہے؟انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ملکی معیشت تباہی کے دہانے پرپہنچانے والے اب عوام کا مزید تیل کیوں نکالنا چاہتے ہیں؟نومولود سیاستدان سیاسی بلوغت سے عاری ہیں، انہیں ادراک نہیں یہ بجٹ سندھ سمیت تمام صوبوں کے عوام کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے.

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سندھ کے بجٹ کا مقدر اسی وفاقی بجٹ سے جڑا ہے، عمران خان کی عداوت میں سندھ کے عوام سے دشمنی نہ کریں. انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماضی کے مقابلے میں تقریبا 200 ارب روپے سندھ کیلئے اضافی رکھے، گزشتہ این ایف سی کے 616 ارب روپے کے بجائے سندھ کیلئے 815 ارب روپے مختص کیے گئے. انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کی ترقی کو خاص ترجیح دی گئی ہے ،بجٹ منظورنہ ہونے دینے کےاعلان کرنے والے وفاق اور صوبوں کی ترقی کے ساتھ سنجیدہ نہیں.

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاسی جماعتیں انتخابات میں شکست خوردہ مولانا کی خدمات لے رہی ہیں،اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ عوام ان کے ساتھ نہیں. پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات سابق وزیر اطلاعات و ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی اجلاس میں اپنی جماعت کی حکمت عملی بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان جتنا چاہیں ہنگامہ، شور اور غنڈا گردی کرائیں، شہباز شریف کی تقریر بھی ہوگی اور عوام دشمن بجٹ بھی منظور نہیں ہونے دیں گے.

مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران صاحب جب آپ پارلیمنٹ میں اپنے وزراءکو ہنگامہ کرنے کی ہدایت کریں گے تو سوال تو اٹھیں گے پارلیمان پر حملہ کرنے والا ہی صرف پارلیمان کی آواز سے ڈر سکتا ہے عمران صاحب قصور آپ کا نہیں نالائق ، ووٹ چور ، سیلکٹڈ وزراعظم کو پارلیمان سے خوف ہی آئے گا۔

(جاری ہے)

افسوس کہ آپ اپنے وزرا کو انتشار اور دھرنے کے سوا اور کچھ نہیں سکھا سکے.

مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب نے کابینہ اجلاس صرف پارلیمان میں انتشار اور اپوزیشن لیڈر کی بجٹ تقریر روکنے کے لئے باضابطہ ہدایت دینے کے لئے بلایا ہے. کابینہ کے اجلاس میں ہنگامی آرائی کرنے والوں کو میڈل دیئے جائیں گے عمران صاحب جان بوجھ کر سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت بجٹ پر بحث نہیں ہونے دے رہے عمران خان نہیں چاہتے کہ شہباز شریف عوام دشمن’ ’آئی ایم ایف میڈ بجٹ‘ ‘کے اصل حقائق عوام کو بتائیں.

دریں اثناءفنانس بل 2019 میں قانونی اورٹیکنیکل غلطیاں دور کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو نشاندہی کی گئی اورجمع کرائی گئی بے ضابطگیوں کا جائزہ لے گی‘ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کمیٹی کے قیام کی منظوری چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے دی ہے. اعلامیے کے مطابق کمیٹی کا چیئرمین اشفاق تولہ ،نائب چیئرمین ڈاکٹرحامدعتیق سرورکو بنایاگیاہے‘اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی چیئرمین ایف بی آر کو غلطیاں دور کرنے سے متعلق مشورے دے گی.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات