Live Updates

خان صاحب دعا کرو اگلی حکومت زرداری کی آئے

تم سے ایک ایک آنسو کا حساب لیں گے،بلاول بھٹو

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 22 جون 2019 06:21

خان صاحب دعا کرو اگلی حکومت زرداری کی آئے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2019ء)    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی گرفتاری پر قومی احتساب بیورو اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر داخلہ سمیت پنجاب کے اسپیکر اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے خلاف مقدمات ہیں لیکن وہ آزاد گھوم رہے ہیں۔سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ نیب سے تعاون کررہے تھے اور ان کی تفتیش میں پیش ہورہے تھے لیکن اس کے باوجود انہیں گرفتار کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سناتھا کہ اربوں اور کھربوں روپے کی کرپشن ہوئی لیکن آخر میں ڈیڑھ کروڑ کا الزام لگا کر آصف زرداری کو جیل بھیج دیا گیا ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ زرداری کو کیوں سیاسی انتقام بنایا جارہا ہے اور کیوں مسلسل میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے اور اربوں روپے کی جھوٹی کہانیاں سنائی گئیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری پر پہلے بھی مقدمات بنے لیکن وہ باعزت بری ہوئے اور آج بھی وہ بری ہوں گے۔

وزیر داخلہ کے خلاف مقدمات ہیں، پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور وزیردفاع کے خلاف اور کے پی کے وزیر اعلیٰ کے خلاف مقدمات ہیں لیکن وہ آزاد گھوم رہے ہیں۔حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری غریب عوام پر رحم کرو اور ان کا معاشی قتل بند کرو، تم نے لوگوں کی جیب کاٹی ہے اور معاشی ڈاکا ڈالا ہے اور سمجھتے تھے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار کرکے بجٹ سے توجہ ہٹا دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خان صاحب دعا کرو اگلی حکومت زرداری کی آئے، اگر مولانا کی حکومت آئی تو تمھیں سنگسار کر دیا جائے گا۔عمران خان کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کہتا تھا کہ انہیں رلاﺅں گا ہمیں تو نہیں رلا سکا لیکن زرداری کو گرفتار کرکے میری بہن اور بینظیر بھٹو کی بیٹی کو ضرور رلایا، مجھے پتہ ہے بزدل لوگوں کو ایسا کرکے مزہ آتا ہے مگر تم لوگ جان لو ہم ایک ایک آنسو کا حساب لیں گے۔

بے شک میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نواسا ہوں، میں فخر کرتا ہوں کہ آصف زرداری اور بینظیر بھٹو کا بیٹا ہوں۔چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ احتساب کے نام پر ایک اور جھوٹ بولا جارہا ہے، ایک اور ڈھونگ رچایا جارہا ہے، عمران خان کہتا ہے کہ میں این آر او نہیں دوں گا لیکن وہ اپنی بہن علیمہ کو این آر او دے چکے ہیں۔بلاول نے کہا کہ یہاں ایک نہیں دو پاکستان ہیں، ایک عمران خان کا پاکستان ہے اور دوسرا عوام کا پاکستان ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات