عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت بند کرانے کے لیے مداخلت کرے، مختار وازہ

منگل 2 جولائی 2019 16:06

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2019ء) جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموںپر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں جاری قتل وغارت بند کرائیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مختار احمد وازہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے طول وعرض میں قتل وغارت ، لوگوں کو ہراساں کئے جانے اور محاصروں اورتلاشی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کو روکنے کے لیے عالمی برادری کو مداخلت کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ کشمیریوں کا قتل عام بند کرے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز لیگ نے تنازعہ کشمیر کے پائیدار اور پرامن حل کے لیے ہمیشہ پاکستان ، بھارت اور کشمیری قیادت کے درمیان بامعنی مذاکرات کی حمایت کی ہے۔حریت رہنمانے عالمی طاقتوں، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل ،انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لیں۔