Live Updates

جو چیخ رہے ہیں ان کی بھی جلد باری ہے ، نواز شریف اور آصف زرداری خاندان کی مستقبل میں پاکستان میں سیاست نہیں دیکھ رہا

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمدکی ذرائع ابلاغ سے گفتگو

جمعرات 18 جولائی 2019 23:45

جو چیخ رہے ہیں ان کی بھی جلد باری ہے ، نواز شریف اور آصف زرداری خاندان ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو چیخ رہے ہیں ان کی بھی جلد باری ہے ، نواز شریف اور آصف زرداری خاندان کی مستقبل میں پاکستان میں سیاست نہیں دیکھ رہا ،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ایل این جی کیس میں نیب کی جانب سے گرفتاری کے حوالے سے جمعرات کو راولپنڈی پریس کلب میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا کہ نوے سے سو دن کافی اہم ہیں ،جھاڑو پھرے گا ،معاملہ جون کی بجائے جولائی تک چلا گیا ،ایل این جی کیس میں 30اگست 2017کو میں الیکشن کمیشن میں گیا اور ساری دستاویزات الیکشن کمیشن کو دیں ،پھر 03فروری 2018کو سپریم کورٹ فل بنچ میں گیا ،فل بنچ نے ا ستدعا قبول کی لیکن کہاکہ ہم اس پہ فیصلہ نہیں کرسکتے آپ نیب میں جائیں ،21فروری 2019کو میں نیب گیا اور سپریم کورٹ میں دیئے گئے سارے شواہد نیب کے حوالے کیے ۔

(جاری ہے)

اس جدوجہد کے نتیجے میں اربوں روپے کی کرپشن کا یہ کیس جس میں قوم کو رگڑا لگایا گیا آج گرفتاری ہوئی ۔وفاقی زیر ریلوے نے کہاکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے چہرے سے گذشتہ تین دن سے لگ رہا تھا ۔اس کیس کے سب سے اہم کردارسیکرٹری پٹرولیم عابد سعید بھی وعدہ معاف گواہ اور مبین صولت بھی سلطانی گواہ بن گیا ہے ۔اس جدوجہد میں تین سے ساڑھے تین برس لگے ،مفتاح اسماعیل اور دیگر لوگ بھی اس کیس میں مطلوب ہیں ،سلسلہ چل پڑا ہے ،لوگ چیخ رہے ہیں ،سمجھ لیں ان کی بھی باری لگی ہوئی ہے۔

انہوں نے اپنے پیسے اور اپنے فائدے کے لیے سیاسی خواتین کو بھی استعمال کیا اسی طرح فالودے والے اور مصالحے والے کو بھی استعمال کیا ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ اصل میں ان کی ایک ہی تکلیف ہے کہ عمران خان این آر او دے ،ان کی سفارش پر عمران خان نے کہاکہ no way at all۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاکہ عمران خان اہم ترین دورے پر امریکہ جا رہے ہیں ابھی ،کل ہم 36ویں ٹرین کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں ،پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 10ماہ میں ریلوے مسافروں کی تعداد میں 70ہزار کا اضافہ ہوا ،7فی صد مال بردار گاڑیوں کو بڑھایا ،10ارب کا خسارہ کم کیا لیکن تیل کی وجہ سے 4ارب اضافی دینے پڑ گئے ،24یا 25اگست کو سال پورا ہونے پر عوام کی عدالت میں پیش ہوں گے ،کوشش کی ہے ملک کی خدمت کریں ،سب سے اہم پراجیکٹ نالہ لئی ایکسپریس وے ہے ،ایم ایل ون ہے ،نالہ لئی ایکسپریس وے کے لیے ابھی ہمارے پاس پارٹیاں آ گئی ہیں ،دو رویہ سڑک کے ساتھ ٹریک بھی ہو گا اور پی ایم اور چیف منسٹر کی میٹنگ میں فیصلہ ہو گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ ن لیگ والے حمزہ شہباز کو بچانے میں ناکام ہو گئے ہیں ،خاقان عباسی نہیں چاہتے تھے کہ ویڈٖیو ویڈیو کھیل کھیلیں لیکن وہ بے بس رہے ،مریم صاحبہ نے خود اپنے لیے کنواں کھودا ہے ،مولانا فضل الرحمن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ اگر اسلام کے لیے نکلیں تو سارا ملک اکٹھا ہے اگر اسلام آباد کے لیے نکلیں گے تو لوگ نہیں نکلیں گے ،بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی بریت بارے عالمی عدالت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے شخ رشید نے کہاکہ پاکستان کامیاب ہوا اور بھارت ایکسپوز ہوا ہے کہ دنیا میں پڑوسی ممالک کے ساتھ کس قسم کا رویہ رکھتے ہیں ،عالمی عدالت کے فیصلے پر مبارکباد دیتا ہوں ،حافظ محمد سعید کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کشمیری آزادی کے لیے لڑ رہے ہیں اور یہ جاری رہے گی ۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاکہ میں نواز شریف اور آصف زرداری خاندان کی مستقبل میں پاکستان میں سیاست نہیں دیکھ رہا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات