Live Updates

ایک نالائق شخص کو کھیل کے میدان سے اٹھا کر 22کروڑ عوام کی حکمرانی سونپ دی گئی ہے،شاہ محمد شاہ

شاہد خاقان عباسی کو جھوٹے اور من گھڑت کیس میں گرفتار کیا گیا،ہمارے لیے جیل نئی بات نہیں ہے،صدر مسلم لیگ (ن)سندھ احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا سلسلہ جاری رہا تو محرم کے بعد پورا ملک جام کردیں گے،علی اکبر گجر اور کھیل داس کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعہ 19 جولائی 2019 19:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ ایک نالائق شخص کو کھیل کے میدان سے اٹھا کر 22کروڑ عوام کی حکمرانی سونپ دی گئی ہے ،جس کے نتائج آج پوری قوم بھگت رہی ہے ۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو جھوٹے اور من گھڑت کیس میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ہمارے لیے جیل نئی بات نہیں ہے ۔

ہم نے اس سے پہلے بھی آمروں کا مقابلہ کیا ہے اور اب اس سول مارشل لاء کا بھی مقابلہ کریں گے ۔سلیکٹڈ حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے ۔احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا سلسلہ جاری رہا تو محرم کے بعد پورا ملک جام کردیں گے ۔ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو پرویز الہی، پرویز خٹک، علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کو کب گرفتار کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی ،علی اکبر گجر اور محمد سلمان بھی موجود تھے ۔شاہ محمد شاہ نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت اپوزیشن کی احتجاجی تحریک سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ 25جولائی کو کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرنا تھا جس کی وجہ سے سیاسی انتقام پر تلی حکومت نے عوام کے ووٹوں سے منتخب ایک اور وزیراعظم کو جھوٹے اور من گھڑت کیس میں گرفتار کرلیا ۔

اگر حکومت سمجھتی ہے کہ وہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے اپوزیشن کی تحریک کو دبانے میں کامیاب ہوجائے گی تو یہ اس کی بھول ہے ۔کراچی سمیت پورے ملک اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی ۔لاہور میں جلسے کی قیادت شہباز شریف جبکہ پشاور میں اسفندیار ولی خان کریں گے ۔انہوںنے کہا کہ گزشتہ روز چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرکے گھرمیں گھس کرمفتاح اسماعیل کو گرفتارکرنے کی کوشش کی گئی ۔

ہمارے لئے جیل نئی بات نہیں ہے۔ ہم نے آمروں کے دور میں بھی جیلیں دیکھی ہیں۔نالائق اور جاہل آدمی کو ملک کی حکمرانی سونپ دی گئی ہے۔عمران خان بیچارے کو یہ بھی علم نہیں کہ گرفتاریاں کرنی کیسے ہیں۔انہوں نے صحاگیوں کو بھی نہیں چھوڑا۔پورا ملک جیل خانے کا منظر پیش کرہا ہے۔ان کے وزراء جوتشی بن گئے ہیں اور پیش گوئی میں مصروف رہتے ہیں کہ اس دن یہ اپوزیشن کے رہنما گرفتار ہوجائے گا ۔

وفاقی وزراء کے بیانات سے نیب اور حکومت کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ احتساب عدالت کے جج کی ویڈیو نے نواز شریف کی بے گناہی ثابت کردی ہے لیکن بجائے اسکے کہ نواز شریف کو رہا کیا جائے معاملے کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے ۔اس معاملے کی جوڈیشل انکوائری کرنے کا مطلب یہ ہے کہ معاملہ 5سال کیلئے التوا ء کا شکار ہوگیا ۔

شاہ محمد شاہ نے کہاکہ دنیا میں کہیں بھی ایسا قانون نہیں کہ سیاسی شخصیت کو جیل میں ڈال کر انکوائری کی جائے۔ہم بھی ایک من ہیروئن کیس میں گرفتار ی کے لیے تیار ہیں ۔ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو پرویز الہی، پرویز خٹک، علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کو کب گرفتار کیا جائے گا ۔احتساب کے نام پر سیاسی انتقام شروع کرکے ملک کی ساکھ کو کمزور کیا جارہا ہے۔

فاٹا اور بلوچستان کی صورت حال سب کے سامنے ہے۔محرم کے بعد بھی یہ صورت حال رہی تو پورا ملک جام کردینگے ۔ہم بد تمیز نہیں ہیں ۔کل یہ نہ ہو کہ آپ تنہا رہ جائیں گے ۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا تھا ۔تمام بین الاقوامی معاشی ادارے کہہ رہے تھے کہ ملک کی معیشت تیزی کے ساتھ ترقی کررہی ہے لیکن ایک نااہل کی حکومت آتے ہی ملک 30سال پیچھے چلے گیا ہے ۔ایک سال میں سلیکٹڈ حکومت نے پاکستان کو سیاسی اور معاشی بحران کے علاوہ کچھ نہیں دیا ہے ۔ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات