بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طورپرمنانے کے سلسلہ میںڈویژنل ہیڈکوارٹر میرپورمیں احتجاجی جلوس

خطہ کے عوام مقبوضہ کشمیرکے عوام کے شانہ بشانہ ہیں اور انھیں بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی دلانے تک وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،مقررین

جمعرات 15 اگست 2019 15:54

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2019ء) حکومت آزادکشمیر کی اپیل پرآزادکشمیر اوردنیابھرمیں کشمیری عوام بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طورپرمنایا۔ یوم سیاہ کے سلسلہ میںڈویژنل ہیڈکوارٹر میرپورمیں ضلع کچہری سے کمشنرمیرپورڈویژن چوہدری محمدطیب، ڈی آئی جی سردارگلفراز خان، ڈائریکٹرجنرل ادارہ ترقیات چوہدری اعجازرضا، ڈپٹی کمشنر سردار عدنان خورشید خان، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم، ایس پی راجہ اظہراقبال، اسسٹنٹ کمشنر یاسرریاض،پیپلزپارٹی کے سابق مشیرچوہدری محمداشرف، مسلم لیگ ن کے ڈاکٹرامین چوہدری، راجہ نویداخترگوگا، شکیل رضا،نہیب ٹھاکر، رشید جمال، مسلم کانفرنس کے راجہ ظفرمعروف،پی ٹی آئی کے چوہدری منشاء، پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وائس چیئرمین چوہدری جاوید اقبال، چیمبرآف کامرس کے صدر سہیل شجاع مجاہد، حریت راہنماملک محمداسلم، چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر شاہدمنیرجرال، انجمن تاجراں کے چوہدری محمدنعیم، چوہدری محمود، راجہ خالد خان، سابق ڈائریکٹر اطلاعات چوہدری محمدرشید، صدر ڈسٹرکٹ بار چوہدری طارق بشیرایڈووکیٹ، رجسٹرارمسٹ پروفیسروارث جرال، لبریشن سیل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ساجد، ایکسین برقیات نذیرمغل، کشمیرپریس کلب کے صدر سجاد جرال، سابق صدرراجہ حبیب اللہ ، کشمیرالیکٹرانک میڈیاکے صدرسجاد بخاری، چوہدری خالد، خالد انجم، کھڑی شریف پریس کلب کے صدرراجہ وقاص سرور، ڈائریکٹرورکس ایم ڈی ایچ اے انجینئرانعام الحق، ڈپٹی ڈائریکٹرچوہدری ساجد اسلم ، انفارمیشن آفیسرمحمدجاوید ملک، ایڈمن آفیسر ڈپٹی کمشنرآفس چوہدری طارق، چوہدری مالک ، محکمہ صحت کے راجہ فاروق اعظم،ایپکاکے صدرمسعود راٹھور، قیصرشیراز کاظمی،ملک طارق،شکور مغل، چوہدری معروف، صغیرجاگل سمیت سیاسی وسماجی،مذہبی جماعتوں ،چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز، انجمن تاجراں ، وکلاء، صحافیوں ،سرکاری ملازمین،ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل ، ملازمین کی جریدہ وغیرجریدہ تنظیموں کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالاگیا۔

(جاری ہے)

شرکاء جلوس پاکستان زندہ باد،بھارت مردہ باد، ہے حق ہماراآزادی، ہم چھین کے لیں گے آزادی،بھارتی غاصبوچھوڑ دو کشمیرکو، کشمیر بنے گاپاکستان کے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے۔ شرکاء جلوس نے سیاہ جھنڈے کتبے اٹھارکھے تھے جن پربھارت کے خلاف نفرت آمیز نعرے درج تھے جبکہ شرکاء نے بازوں پرسیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ یوم سیاہ کے موقع پرتمام سرکاری محکموں میں قومی پرچم سرنگوں رکھے گئے۔

احتجاجی جلوس ضلع کچہری سے ہوتاہوا چوک شہیداں پہنچا۔ اس موقع پرقومی تقریبات کمیٹی کے سیکرٹری جنرل وسینئرصحافی الطاف حمید رائونے مختلف قراردادیں پیش کیں جنھیں اتفاق رائے سے منظورکیاگیا۔ ان قراردادوں میں بھارت کے یوم آزادی کے موقع پرخطہ کشمیر اور کشمیریوں پربھارتی جابرانہ تسلط ، کشمیرکی آئینی حیثیت ختم کرنے سمیت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور پامالیوں کی مذمت کی گئی اور اقوام متحدہ اوربین الاقوامی انسانی حقوق کی علمبردارتنظیموں سے مطالبہ کیاگیاکہ وہ دوکروڑنہتے کشمیریوںکے حق آزادی کوغصب کرنے والے نام نہاد بھارتی حکمرانوں کامحاسبہ کریںجب تک بھارت مقبوضہ کشمیرکے عوام کوحق آزادی نہیں دیتااس وقت تک اسے اپنایوم آزادی منانے کاکوئی حق نہیں ہے۔

ایک اور قرارداد میں ریاست جموںوکشمیرپربھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خاتمے تک مقبوضہ کشمیرکے عوام کے شانہ بشانہ جدوجہدرکھتے ہوئے اپنے تن من دھن سمیت ہرقسم کی قربانی دینے کااعادہ کیاگیا۔ ایک اورقرارداد میں بھارتی حکومت کی طرف سے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A میں غیرقانونی طریقے سے ترامیم کرتے ہوئے کشمیرکی خصوصی حیثیت کوختم کرنے اورآبادی کے تناسب کوتبدیل کرنے جیسی گھنائونی سازش کی بھرپورمذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے مبصرین اور عالمی عدالت انصاف کے نمائندوں سے مطالبہ کیاگیاکہ وہ بھارت کے اس غیرقانونی اور غیرآئینی عمل کافی الفورنوٹس لیں ۔

ایک اورقرارداد میں اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے تحفظ کے علمبرداروں ، ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ریڈکراس اور ہیویمن رائٹس/واچ سمیت عالمی طاقتوں پرزوردیاگیاکہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں گھروں میں نذربند نہتے کشمیریوں کی زندگیاں بچانے کے لیے فوری طورپرخوراک اور ادویات ہنگامی بنیادوں پرفراہمی کے لیے اقدامات اٹھائیں۔یوم سیاہ کے حوالے سے دنیاکوباورکرایاگیاکہ بھارت اپنے غیرقانونی تسلط کے لیے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی تاریخ کی بدترین نسل کشی کامرتکب ہونے کی کوشش کررہاہے اور مسلم اکثریتی ریاست کے تشخص کوپامال کرنے کی مذموم فعل کامرتکب ہورہاہے۔

اقوام متحدہ اور امریکہ سمیت عالمی طاقتیں اور دنیاکے دیگرمہذب ممالک بھارت کی اس گھنائونی سازش سے باز رکھنے کے لیے بھارت پردبائوڈالیں تاکہ جنوب ایشیاء سمیت اقوام عالم جنگ کے اثرات سے محفوظ رہ سکے۔اس موقع پرحریت راہنماملک محمداسلم نے مقبوضہ کشمیرکی آزادی، تحریک آزادی کشمیراورپاکستان کے شہداء اورمسلح افواج پاکستان ، پاکستان کی سربلندی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کروائیں۔

اس موقع پر مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے انتہاپسندحکمرانوں کی طرف سے مسلسل کرفیوکے نفاذ اورجابرانہ تشدد، کشمیریوں کی نسل کشی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پرشدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ، عالمی انسانی حقو ق کی تنظیموں سے مطالبہ کیاکہ بھارت کے غاصب حکمرانوں کو کشمیریوں کے بنیادی حقوق غصب کرنے سے باز رکھیں۔ مقررین نے بھارت کے حالیہ یکطرفہ غیرقانونی اقدام کومسترد کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے مکمل یکجہتی کااظہارکرتے ہوئے اس عزم کااظہارکیاکہ خطہ کے عوام مقبوضہ کشمیرکے عوام کے شانہ بشانہ ہیں اور انھیں بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی دلانے تک وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔