کشمیری نوجوانوں نے سرینگر کا علاقہ سورہ بھارتی فوج کیلئے نو گو ایریا بنادیا، برطانوی خبر ایجنسی

منگل 20 اگست 2019 19:35

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2019ء) مقبوضہ کشمیر میں سری نگر کے علاقے سورہ کو کشمیری نوجوانوں نے پہرے داری نظام بنا کر بھارتی فوج کیلئے نو گو ایریا بنادیا۔برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق کشمیری نوجوان دن رات سری نگر کے علاقے سورہ کی پہرے داری کررہے ہیں جس کے باعث قابض بھارتی فوج 16 دن گزرنے کے بعد بھی اس علاقے میں داخل ہونے میں ناکام ہوگئی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا کہ نوجوان کشمیریوں نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے بھارتی فوج کا داخلہ روک رکھا ہے جبکہ نوجوانوں نے پہرے داری کا نظام بنالیا، جہاں نوجوانوں کی ڈیوٹیاں لگائی جاتی ہیں۔سڑکوں پر اینٹیں، درختوں کی شاخیں اور لوہے کی چادریں لگا کر سڑکیں بلاک کردی گئیں، بھارتی فوج گھسنے کی کوشش کرے تو مساجد کے لاؤڈ اسپیکر سے اعلانات کرکے نوجوانوں کو اکٹھا کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو میں کشمیری نوجوان کا کہنا ہے کہ ہماری کوئی آواز نہیں، ہم اپنے غصے کی آگ میں جل رہے ہیں، دنیا ہمیں نہیں سنے گی تو ہم کیا کریں گی کیا بندوقیں اٹھالیں غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سورہ کے دو درجن مکینوں سے گفتگو کی جس میں سب نے ہی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ظالم کہا۔ایک نوجوان کے مطابق ہمیں لگ رہا ہے جیسے ہم لائن آف کنٹرول کی پہرے داری کر رہے ہیں، ہر روز بھارتی سورہ میں گھسنے کی کوشش کرتے ہیں اور ہر روز ہم انہیں بھگادیتے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی ہے جس کے بعد سے ہی وادی میں سخت کرفیو نافذ ہے۔مقبوضہ وادی میں مواصلات، ٹیلیفون، موبائل فون اور انٹرنیٹ معطل ہے جبکہ مسلسل 16 روز سے جاری کرفیوں کے باعث بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔