بابائے قوم کشمیر کو پاکستان کیلئے انتہائی ناگزیر سمجھتے تھے‘مشتاق منہاس

بدھ 11 ستمبر 2019 13:09

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) آزاد جموںو کشمیر کے وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ بابائے قوم کشمیر کو پاکستان کیلئے انتہائی ناگزیر سمجھتے تھے۔ اسی لئے انہوں نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا۔ انہوں نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی کھلے الفاظ میں حمایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مسئلہ کشمیرکو حل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کیں ان کی یہ دلی خواہش تھی کہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہوکرپاکستان کا حصہ بنے آج کشمیری قائداعظم کے فرمودات کی روشنی میں تحریک آزادی کشمیر اور دفاع پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں۔

بھارت نے کشمیریوں کو ان کے جائز حقوق اور حق خودارادیت سے روکنے کیلئے اپنی آٹھ لاکھ سے زائد فوج مقبوضہ کشمیر میں تعینات کررکھی ہے۔ لیکن ان تمام باتوں کے باوجود کشمیری ریاست جموں وکشمیر کی آزادی اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی جدوجہد پوری شدت سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔بابائے قوم حضرت قائداعظم کے یوم وفات کے دن ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنی جان، مال ، عزت آبرو پاکستان کے دفاع اور کشمیر کی آزادی کیلئے قربان کرنے سے ہرگز دریغ نہ کریں گے۔