میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر جیسی شخصیات نوجوان نسل کے لیے بہترین رول ماڈل ہیں‘مشتاق منہاس

جمعرات 12 ستمبر 2019 15:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2019ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر جیسی شخصیات نوجوان نسل کے لیے بہترین رول ماڈل ہیں۔وزیر اطلاعات نے میجر عزیز بھٹی شہید کے یوم شہادت پر انہیں سلام عقیدت پیش کرتے ہوے دشمن بھارت کے خلاف ان کی جرات ،بہادری اور استقامت کو غیر معمولی قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے اس عظیم شہید نے اپنی جان قربان کر کے پاکستان کی سرزمین پر پڑنے والے دشمن کے قدم اکھاڑ پھینکے تھے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنی فوجی اور عددی برتری پر بہت ناز تھا مگر میجر عزیز بھٹی جیسے شہداء نے بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے اس عظیم ہیرو کی زندگی کا مطالعہ کریں اور اس سے رہنمائی حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ اپنے شہداء کو یاد رکھنا ایک زندہ قوم کا شیوہ ہوتا ہے بطور قوم ہمیں اپنے ان عظیم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا ہے