Live Updates

بھارت نے جارحیت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے‘وقت آنے پر لائن آف کنٹرول کی طرف جائیں گے. عمران خان

دنیا کے سوا ارب مسلمان کشمیر کی طرف دیکھ رہے ہیں اور ان کی حکومتیں تجارتی مفادات کی وجہ سے خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں. وزیراعظم کا مظفرآباد میں جلسہ سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 13 ستمبر 2019 16:42

بھارت نے جارحیت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے‘وقت آنے پر لائن آف ..
مظفرآباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 ستمبر۔2019ء) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے سفیر دنیا بھر میں کشمیر کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائیں گے. مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ کر رہا ہے اس سے بھارت میں بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ جس طرح انہوں نے کشمیر میں اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے، اسی طرح اب مسلمانوں کے لیے بھی بھارت میں کوئی جگہ نہیں ہے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی لوگوں کو انتہاپسندی کی جانب دھکیل رہا ہے بطور سفیر کشمیر دنیا بھر میں جاﺅں گا اور کشمیر کا معاملہ اٹھاﺅں گا‘ میں نے دنیا میں کشمیر کا سفیر بننے کا فیصلہ اس لیے کیا کہ میں ایک پاکستانی، ایک مسلمان اور ایک انسان ہوں، کشمیر کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے، 40 دنوں سے ہمارے کشمیری، بھائی، بہنیں اور بچے جیل میں قید ہیں.

عمران خان نے کہا کہ وہ خاص طور پر نریندر مودی کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ایک بزدل انسان صرف ایسا ظلم کرتا ہے جو آج کشمیریوں پر بھارتی فوج کر رہی ہے، مودی جس میں انسانیت ہوتی ہے وہ کبھی ایسا نہیں کر سکتا، بہادر انسان کبھی بھی عورتوں اور بچوں پر ظلم نہیں کرتا‘عمران خان نے کہا کہ بھارت کے وزیر اعظم مودی جتنا مرضی ظلم کر لیں کامیاب نہیں ہو گے کیونکہ کشمیر کے عوام ان کے ساتھ نہیں ہیں.

بھارت کی ہندو تنظیم آر ایس ایس کی تاریخ بتاتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سب کو پتہ ہونا چاہیے کہ بھارت کے وزیر اعظم مودی آر ایس ایس کے رکن ہیں اور یہ وہ جماعت ہے جس کے اندر مسلمانوں کے لیے نفرت بھری ہوئی ہے، اس جماعت کے بنانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ بھارت صرف ہندوﺅں کے لیے ہے، مسلمانوں، سکھوں، عیسائیوں اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے نہیں ہے.

عمران خان نے کہا کہ دنیا کے 58 ممالک نے پاکستانی موقف کی تائید کی کہ کشمیر میں لوگوں پر ظلم ہو رہا ہے، 50 سال میں پہلی بار کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل میں اٹھا، او آئی سی نے بھی بھارت سے اپنے زیر انتظام کشمیر میں کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے. انہوں نے کہا کہ امریکی سینیٹرزنے بھی امریکی صدر ٹرمپ کو خط لکھا ہے کہ آپ کشمیر کے معاملے میں مداخلت کریں، برطانیہ کی پارلیمنٹ میں بھی پہلی مرتبہ کشمیر پر بات ہوئی.

انہوں نے کہا کہ وہ اگلے ہفتے نیو یارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جا رہے ہیں جہاں وہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کشمیریوں کو مایوس نہیں کریں گے‘انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا پر کشمیریوں سے متعلق بات کروں گا اور دنیا کو بتاﺅں گا کہ بھارت کی ہندو تنظیم آر ایس ایس کی اصلیت کیا ہے، تنظیم آر ایس ایس کے بانی ہٹلر کو اپنا رول ماڈل مانتے تھے، وہ بھی چاہتے تھے کہ مسلمانوں کو بھارت سے نکالا جائے.

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے یہ آر ایس ایس کے نظریے پر ہو رہا ہے، آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی نے ہی گاندھی کا قتل کیا تھا. انہوں نے کہا کہ جو کچھ بھارت مقبوضہ کشمیر میںکررہا ہے پوری دنیا کے مسلمان دیکھ رہے ہیں اور وہاں کرفیو ختم ہونے کے بعد وہاں کے لوگوں کا ردعمل آئے گااور انھیں علم ہے تب بھارت نے سرحد پار دہشت گردی کرانے کا الزام پاکستان پر عائد کر دینا ہے تاکہ مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹ سکے.

عمران خان نے کہا کہ انہیں علم ہے کہ آزاد کشمیر کے نوجوان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں لائن آف کنٹرول کی طرف جانا چاہتے ہیں لیکن جب تک وہ نہ کہیں لائن آف کنٹرول کی طرف نہیں جانا. انہوں نے کہا کہ پہلے مجھے کشمیر کا کیس دنیا کو بتانے دو، جنرل اسمبلی میں اس معاملے پر بات کرنے دو، اس کے بعد میں آپ کو بتاﺅں گا کہ ایل او سی کی طرف کب جانا ہے.

وزیراعظم نے مودی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تمہارا پائلٹ کو اس لیے رہا کیا تھا کیونکہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن بھارت میں لوگوں کو بتایا گیا کہ پاکستان ڈر گیا ہے، نریندر مودی کان کھول کر سن لو، ایمان والوں کو موت سے ڈر نہیں لگتا، یہ وہ قوم ہے جو آخری سانس تک لڑنا جانتی ہے. انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے جارحیت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ‘عمران خان نے کہا کہ نریندر مودی ایک بزدل انسان ہے، بزدل انسان ایسا ظلم کرتا ہے جو بھارت کی 9 لاکھ فوج آج کشمیریوں پر کررہی ہے، جس میں بھی انسانیت ہوتی ہے وہ کبھی یہ نہیں کرسکتا.

عمران خان نے کہا کہ نریندر مودی آپ کشمیریوں پر جتنا ظلم کرلیں کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ کشمیر کی عوام میں موت کا خوف ختم ہوچکا ہے، ان کا ڈر چلا گیا ہے، آپ جو مرضی کرلیں انہیں شکست نہیں دے سکتے. انہوں نے کہا کہ نریندر مودی بچپن سے آر ایس ایس کا رکن ہے، اس جماعت کے اندر مسلمانوں کی نفرت بھری ہوئی ہے‘انہوں نے کہا کہ 100 سال پہلے بننے والی جماعت کے 2 مقاصد تھے کہ بھارت صرف ہندوﺅں کے لیے ہے، اور بھارت سے اقلیتوں کو نکال کر اسے مکمل طور پر ایک ہندو ملک بنانا.

عمران خان نے کہا کہ آر ایس ایس کے دلوں میں مسلمانوں کے لیے نفرت بھری ہوئی ہے کہ اگر مسلمانوں نے یہاں حکومت نہ کی ہوتی تو ہندو قوم نجانے کتنی بڑی سپر پاور ہوتی، ان خیالات کی وجہ سے آر ایس ایس ہمیشہ سے مسلمانوں کے خلاف تھی‘دنیا کو بتاﺅں گا کہ آر ایس ایس کی اصلیت کیا ہے، جس طرح ہٹلر اور نازی پارٹی نے جرمنی میں اقلیتوں پر ظلم کیا اور انسانوں کا قتلِ عام کیا یہ بھی اسی راستے پر چل رہے ہیں.

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیر انٹرنیشنلائزڈ ہوگیا ہے، 50 سال بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہوئی اور پہلی مرتبہ یورپی یونین نے کہا کہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے جس کا مطلب ہے کشمیریوں کو ریفرنڈم کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے گا. عمران خان نے کہا کہ پہلی مرتبہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے 58 رکن ممالک نے پاکستان کی تائید کی کہ کشمیر میں ظلم ہورہا ہے کرفیو اٹھایا جائے، اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی ) نے بھی بھارت سے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کیا.

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں 50 ارکان نے پہلی مرتبہ کشمیر پر بات چیت کی اور ہمیں اس وقت سب سے زیادہ خوشی ہوئی جب امریکا میں سینیٹرز نے ڈونلڈ ٹرمپ کو کشمیر میں مداخلت کرنے کے لیے خط لکھا. انہوں نے کہا کہ ممکن ہو تو آج آر ٹی اور کل الجزیرہ میں میرا انٹرویو دیکھیں، آپ کو فخر ہوگا کہ کشمیریوں کا سفیر ان کے لیے کھڑا ہے.

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا میں سوا ارب مسلمان ہیں جو کشمیر کی طرف دیکھ رہے ہیں، فکر یہ ہے ان کی حکومتیں اپنی تجارت کی وجہ سے آج خاموش ہیں اور ان میں سے بھی لوگ انتہا پسندی کی طرف جائیں گے اور بندوق اٹھائیں گے. انہوں نے کہا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں جب مسلمان دیکھتا ہے کہ ظلم ہورہا ہے اور دنیا چپ کرکے تماشا دیکھ رہی ہے تو لوگ انتشار کی طرف جاتے ہیں.انہوں نے کہا کہ میں عالمی برادری سے کہتا ہوں کہ یہ وقت ہے بھارت کے ہٹلر کو روکیں،کشمیر سے کرفیو ہٹانے کا حق دے اور ریفرنڈم کے ذریعے فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے اور ہم کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے.

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی ہمت ہے تو کشمیر سے کرفیو اٹھاﺅاور تماشہ دیکھو‘ آج عمران خان بیرونی دنیا کو تقابلی جائزہ پیش کرنے کے لیے مظفر آباد آئے ہیں.  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا دیکھ سکتی ہے کہ آج آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں کھلے آسمان تلے کشمیریوں سے پاکستان کا وزیراعظم مخاطب ہے.

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں چیلنج کرکے پوچھنا چاہتا ہوں کہ مودی کیا تم مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت میں کشمیریوں سے خطاب کرسکتے ہو؟ اگر جرات ہے، ہمت ہے اور سمجھتے ہو کہ کشمیر کے لوگوں کے لیے کوئی کارنامہ کیا ہے تو مودی کرفیو اٹھاﺅ اور تماشہ دیکھو. وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مظفر آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور دنیا کی توجہ بھارتی مظالم کی جانب مبذول کروانے کے لیے جلسے کا انعقاد کیا گیا ہے‘مظفر آباد میں منعقد جلسے میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹلک اور وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید موجود ہیں.

وزیراعظم عمران خان کی حمایت اور کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اداکار اور کھلاڑی بھی جلسے میں شریک ہیں جن میں شاہد آفریدی، ہمایوں سعید، جاوید شیخ، فاخر محمود، حریم فاروق، مایا علی اور دیگر شامل ہیں. خیال رہے کہ 2 روز قبل وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے محاصرے کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کروانے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظفرآباد میں جلسے کا اعلان کیا تھا.

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا تھا کہ میں جمعہ 13 ستمبر کو مظفرآباد میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کروں گا. انہوں نے لکھا تھا کہ جلسے کا مقصد غاصب بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے جاری محاصرے کے بارے میں دنیا کو پیغام بھجوانا ہے اور اہل کشمیر کو یہ بتانا ہے کہ پاکستان پوری ثابت قدمی سے ان کے ساتھ کھڑا ہے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات