Live Updates

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کیسز ختم کروانے کے لیے دھرنے کو سپانسر کر رہے ہیں

مبینہ طو ر پر لندن سے جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ اور دھرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے خطیر رقم بھجوائی گئی، خفیہ ایجنسی کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان اور متعلقہ حکام کو بھجوائی گئی رپورٹ میں مزید انکشافات سامنے آ گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 10 اکتوبر 2019 11:20

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کیسز ختم کروانے کے لیے دھرنے کو سپانسر کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اکتوبر 2019ء) : مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اس وقت جیلوں میں اپنے اپنے حصے کی سزائیں کاٹ رہی ہیں۔ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے وزیراعظم عمران خان بارہا اعلان کر چکے ہیں کہ کسی کو این آر او ، ڈھیل یا ڈیل نہیں دی جائے گی۔ جس کے بعد سے سیاسی جماعتیں تذبذب کا شکار ہیں۔ تاہم اب مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے اوپر کیسز ختم کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کو سپانسر کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

قومی اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اپنے خلاف کرپشن کیسز ختم کروانے اور نیب اورحکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ اور دھرنے کو سپانسر کرنے کے سلسلے کا آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

با وثوق ذرائع کے مطابق ایک خفیہ ایجنسی نے وزیر اعظم اور متعلقہ حکام کو اس حوالے سے ایک رپورٹ بھجوائی جس میں مزید انکشافات سامنے آئے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا کہ مبینہ طو ر پر لندن سے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ اور دھرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے خطیر رقم بھجوائی گئی ہے تاکہ مظاہرین کو خوراک ، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولتوں میں کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ سابق صدر آصف زرداری کی ہدایت پر پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی آزادی مارچ اور دھرنے کے لئے جمیعت علمائے اسلام (ف) کی قیادت کو رقم کے علاوہ افرادی قوت بھی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل لیگی رہنما مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے مبینہ طو ر پر مسلم لیگ ن علما مشائخ ونگ کے سربراہ علامہ فاروق سعیدی کی وساطت سے مولانا فضل الرحمان کو دھرنے کے لیے لوگوں کو تیار کرنے کے لیے خطیر رقم دینے کی بات سامنے آئی تھی۔ اس حوالے سے علامہ فاروق سعیدی نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے مل کر نواز شریف ، مریم نواز اور حمزہ شہباز شریف کی رہائی کے لئے احتجاج اور اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے۔ جبکہ کیپٹن (ر) صفدر نے مولانا کے آزادی مارچ اور دھرنے کا حوالہ دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ لوگ غزوہ ہند کے لیے تیار ہو جائیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات